وزیر اعظم شہباز شریف 26 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، عارضی شیڈول جاری

21 اگست 2024

اقوام متحدہ کی جانب سے منگل کو جاری کردہ مقررین کی عارضی فہرست کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 26 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سالانہ جنرل ڈیبیٹ سے خطاب کریں گے۔

193 رکنی اسمبلی کے 79 ویں اجلاس میں اعلیٰ سطحی بحث 24 سے 30 ستمبر تک جاری رہے گی۔

یہ دوسرا موقع ہو گا جب وزیر اعظم نواز شریف اقوام متحدہ کے اہم پالیسی ساز ادارے جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ترجمان مونیکا گرے لے کے مطابق اب تک 130 سے زائد عالمی رہنماؤں نے اس مباحثے میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔

یہ تمام رہنما بین الاقوامی امن اور سلامتی کے معاملات پر بات کریں گے۔

اقوام متحدہ کی طرف سے مقررین کی جاری کردہ عارضی فہرست حتمی نہیں ہے۔ اقوام متحدہ اجلاس سے پہلے کے ہفتوں میں باقاعدگی سے اسے اپ ڈیٹ کرتا ہے تاکہ رہنماؤں، وزراء اور سفیروں کی حاضری، شیڈول اور تقریر کے اوقات میں کسی بھی تبدیلی کو مد نظر رکھا جاسکے۔

10 ستمبر سے شروع ہونے والا اسمبلی کا 79 واں اجلاس فلسطین، یوکرین اور سوڈان سمیت جاری تنازعات کے ساتھ دنیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ہوگا۔ لیکن اسمبلی کے بھاری ایجنڈے کا مقصد ایک نئے عالمی ترقیاتی فریم ورک کی تعمیر کے لئے اسٹیج تیار کرنا بھی ہے جو کرہ ارض کی حفاظت کرے اور تمام لوگوں کے لئے مساوات ، انصاف اور خوشحالی کو فروغ دے۔

برازیل، جو روایتی طور پر بحث کا آغاز کرتا ہے، 24 ستمبر کو اعلی سطحی اجلاس کا آغاز کرے گا۔

اس کے بعد میزبان ملک امریکہ کی باری ہوگی اور صدر جو بائیڈن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے تاریخی ہال سے عالمی رہنماؤں سے بطور امریکی صدر آخری خطاب کریں گے۔

اجلاس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس گزشتہ سال کے واقعات کا احاطہ کرتے ہوئے تنظیم کے کام پر اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔

گوتریس اس اعلیٰ سطحی ہفتے کے دوران اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں مستقبل کا پرعزم سربراہ اجلاس بھی منعقد کر رہے ہیں۔ یہ سربراہی اجلاس 22 اور 23 ستمبر کو منعقد ہوگا۔

توقع ہے کہ اس میں مستقبل کے معاہدے کو منظور کیا جائے گا جس میں ایک عالمی ڈیجیٹل کمپیکٹ اور مستقبل کی نسلوں سے متعلق اعلامیہ شامل ہوگا۔ اقوام متحدہ نے اس سربراہی اجلاس کو ایک اعلیٰ سطحی تقریب قرار دیا ہے جس کا مقصد حال کو بہتر کرنا اور مستقبل کے تحفظ کے لیے ایک نیا بین الاقوامی اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق موثر عالمی تعاون ہماری بقا کے لیے انتہائی اہم ہے لیکن عدم اعتماد کی فضا میں اور فرسودہ اسٹرکچر کے استعمال کے سبب جو آج کے سیاسی اور اقتصادی حالات کی عکاسی نہیں کرتیں اسے حاصل کرنا مشکل ہے۔

دیگر اہم میٹنگز درج ذیل ہیں:

  • سمندر کی سطح میں اضافے سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کے لئے اعلی سطحی مکمل اجلاس بدھ 25 ستمبر کو ہوگا

  • جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کے عالمی دن کو منانے اور فروغ دینے کے لئے اعلی سطحی اجلاس جمعرات 26 ستمبر کو ہوگا

  • اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس پر اعلی سطحی اجلاس جمعرات 26 ستمبر کو ہوگا۔

Read Comments