فوجی افسران کی گرفتاری پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، امریکا

17 اگست 2024

امریکہ نے پاکستان میں فوجی افسران کی گرفتاری سے متعلق حالیہ رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے کو پاکستان کا اندرونی معاملہ سمجھتا ہے۔

پینٹاگون کی ترجمان سبرینہ سنگھ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ان رپورٹس سے آگاہ ہے، اس موقع پر انہوں نے پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات برقرار رکھنے کے واشنگٹن کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ دراصل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔

مزید برآں، سبرینہ سنگھ نے اس بات کا ذکر کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ شراکت داری مضبوط ہے اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں اطراف کی فوجی اور سیاسی قیادت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ ہماری شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں فریقین باہمی مفادات کی بنیاد پر فوجی اور سویلین رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں۔

ترجمان نے پاکستان کے شانہ بشانہ کام کرنے کے امریکی عزم کا اعادہ کیا، خاص طور پر علاقائی سلامتی اور مشترکہ اہداف سے متعلق شعبوں میں۔ انہوں نے کہا کہ ہم علاقائی سلامتی اور مشترکہ مقاصد کے حصول میں پاکستان کی مدد جاری رکھیں گے اور اس بات کا اعادہ کرتے رہیں گے کہ پاکستان کے ساتھ امریکی امداد اور تعاون اولین ترجیح ہے۔

Read Comments