وزیراعظم شہباز شریف کی غزہ کے اسکول پر اسرائیلی حملے کی مذمت

11 اگست 2024

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ شہر میں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے اسکول پر حملہ کھلی جارحیت اور بربریت ہے جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ نے ایک پریس ریلیز میں وزیر اعظم کے حوالے سے کہا کہ اسرائیل نے اپنی کھلی جارحیت میں تمام حدیں پار کر دی ہیں۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی جاری جارحیت کو روکنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم پر اسرائیل کی قیادت اور اس کی مسلح افواج کا احتساب کرنے کے پاکستان کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے فیصلے پر عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو اس کے وحشیانہ جرائم کے لئے سخت سزا دی جانی چاہئے۔

وزیر اعظم نے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی پاکستان کی ہر ممکن اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے حملے میں جاں بحق ہونے والے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

اس سے قبل فلسطینی حکام کے مطابق غزہ شہر میں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ اسکول پر اسرائیلی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 100 سے زائد افراد شہید ہو گئے تھے۔

Read Comments