کے الیکٹرک کا سندھ حکومت سے 10.5 ارب روپے ادا کرنے کا مطالبہ

اپ ڈیٹ 27 جون 2024

کے الیکٹرک کے ترجمان نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں سندھ حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے تقریباً 10.5 ارب روپے کے واجب الادا بجلی کے بل ادا کرے۔

ترجمان نے خبردار کیا کہ عدم ادائیگی بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو برقرار رکھنے میں سخت چیلنجز کا باعث بن رہی ہے۔ یوٹیلیٹی کمپنی نے سندھ حکومت سے اپیل کی ہے کہ بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ سے بچنے کے لیے اپنے واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں۔

تاہم، سندھ کے وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے انکشاف کیا کہ کے الیکٹرک نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران مختلف محکموں کو بجلی کی فراہمی کے لیے سندھ حکومت سے 20 ارب روپے سے زائد وصول کیے ہیں۔

اس سال کیے گئے ایک آڈٹ میں کے الیکٹرک کی جانب سے 2 ارب روپے سے زائد کی اوور بلنگ کا انکشاف ہوا ہے۔

صوبائی وزیر نے کے الیکٹرک پر الزام لگایا کہ وہ اپنے لائن لاسز کو صوبائی حکومت کے بجلی کے بلوں میں شامل کر کے وصول کر رہی ہے، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اکاؤنٹ کے جائزے نے واجب الادا رقم کی واضح تصویر فراہم کی ہے۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جہاں حیسکو اور سیپکو کی جانب سے لگائے گئے سمارٹ میٹرز کے ذریعے ریئل ٹائم ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے، کے الیکٹرک نے بجلی کی فراہمی اور کھپت کے بارے میں ریئل ٹائم ڈیٹا فراہم کرنے کے لیے ابھی تک ایسے میٹر نصب نہیں کیے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”اگر سرکاری محکمے اس اوور بلنگ کا نشانہ بنے ہیں، تو عام صارفین پر اس کے اثرات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔“

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments