ٹیلی کام انڈسٹری نے ملک میں موبائل ہینڈ سیٹس اور ٹیلی کام خدمات پر مجوزہ ٹیکسوں کے نفاذ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مالی سال 25-2024 کے لئے حال ہی میں مجوزہ بجٹ میں 500 ڈالر سے کم قیمت کے موبائل فون پر 18 فیصد جی ایس ٹی اور 500 ڈالر سے زیادہ مالیت کے فون پر 25 فیصد ٹیکس شامل ہے۔
ٹیلی کام آپریٹرز کا کہنا ہے کہ یہ نئے ٹیکس ڈیجیٹل ترقی میں رکاوٹ ڈالیں گے اور ملک میں ڈیجیٹل تقسیم کو بڑھائیں گے کیونکہ آبادی کی اکثریت کنیکٹیویٹی کی زیادہ قیمت برداشت کرنے سے قاصر ہے۔
مہنگی اشیا پاکستان میں ڈیجیٹل تقسیم کی بنیادی وجوہات میں سے ایک ہے، جہاں 20 فیصد آبادی اب بھی کسی بھی رابطے کی سہولت سے محروم ہے اور تقریبا نصف آبادی زیادہ لاگت کی وجہ سے موبائل براڈ بینڈ تک رسائی سے محروم ہے.
موبائل فون پر جی ایس ٹی کے علاوہ حکومت نے نان فائلرز کے لئے ٹیلی کام خدمات پر 75 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کی تجویز بھی پیش کی ہے۔
فنانس ایکٹ 2021 کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس جو اس وقت 15 فیصد ہے اسے پہلے کم کرکے 10 فیصد کردیا گیا تھا اور وعدہ کیا گیا تھا کہ آئندہ برسوں میں اسے کم کرکے 8 فیصد کردیا جائے گا۔ تاہم فنانس سپلیمنٹری ایکٹ 2021 میں اس کمی کو واپس لے لیا گیا اور ٹیکس کو 15 فیصد تک بحال کر دیا گیا۔
ٹیلی کام آپریٹرز ایسوسی ایشن نے بجٹ 25-2024 کی تجاویز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی کام سروسز اور اسمارٹ فونز پر بڑھتے ہوئے ٹیکسز پاکستانیوں کے لیے ان ضروری خدمات کو مزید ناقابل برداشت بنا دیں گے۔
آپریٹرز نے متنبہ کیا کہ ان اقدامات سے ڈیجیٹل تقسیم مزید وسیع ہوگی اور لاکھوں افراد کی زندگیوں اور معاش پر منفی اثر پڑے گا۔
مزید برآں، ٹیلی کام آپریٹرز نے متنبہ کیا ہے کہ حالیہ بجٹ میں نئے مجوزہ ٹیلی کام اور فون ٹیکسز براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کو راغب کرنے کے بجائے اس کی حوصلہ شکنی کریں گے۔
ٹیلی کام آپریٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ’ہم نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران دو بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو پاکستانی مارکیٹ سے باہر نکلتے دیکھا ہے، لیکن یہ ہمیں حیران کرتا ہے کہ حکومت نے ایف ڈی آئی کے ان بدقسمت اخراج سے کچھ نہیں سیکھا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ٹیلی کام سیکٹر جو پہلے ہی سب سے زیادہ ٹیکس لگانے والی عالمی ٹیلی کام مارکیٹوں میں سے ایک رہا ہے، کو فوری نقد رقم کمانے کے لیے ایک کم قیمت پھل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو ملک کے ڈیجیٹل ایجنڈے کے لیے کافی پریشان کن اور نقصان دہ ہے۔
ایسوسی ایشن نے اس بات جو اجاگر کیا کہ ٹیلی کام سیکٹر، جو ملک کے سب سے بڑے معاشی شراکت داروں میں سے ایک ہے، نے پاکستان میں 20 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے اور یہ ملک کی ڈیجیٹل ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے ٹیلی کام سروسز اہم کردار ادا کرتی ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ یہ سب حکومت اور پالیسی سازوں کے سامنے رجسٹرڈ ہونے میں ناکام رہا ہے۔
ٹیلی کام کمپنیوں نے نئی ہدایات پر عمل نہ کرنے والے آپریٹرز کو سزا دینے کے حکومت کے فیصلے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سم یا موبائل فون بلاک نہ کرنے، یوٹیلٹی کنکشن منقطع نہ کرنے یا بیرون ملک سفر پر نئی پابندی پر عمل نہ کرنے والے اداروں کو جرمانے کی ہدایت کی ہے، پہلے ڈیفالٹ پر 10 کروڑ روپے اور اس کے بعد ہر ڈیفالٹ پر 20 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ آپریٹرز نے کہا کہ ایف ڈی آئی اور ڈیجیٹلائزیشن کے لئے نقصان دہ ہونے کے علاوہ ، نئے ٹیکس اور تادیبی اقدامات آپریٹرز کے لئے مکمل طور پر ناقابل عمل ہیں کیونکہ مقامی ٹیلی کام انفرااسٹرکچر مجوزہ کٹوتیوں کی حمایت نہیں کرسکتا ہے۔
ٹیلی کام انڈسٹری، جو طویل عرصے سے ود ہولڈنگ ٹیکس کو مکمل طور پر ختم کرنے یا کم کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے، نئی ٹیکس تجویز پر برہم ہے اور اسے ملک کے ڈیجیٹل ایجنڈے کو ختم کرنے کے مترادف قرار دے رہی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024