پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پبلک پر ائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت بنیادی ڈھانچہ اور خدمات کے شعبہ میں پائیدار سرمایہ کاری کے حوالے سے 250 ملین ڈالر قرضہ پروگرام پر دستخط کردیے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ینگ یی اور سیکرٹری ای اے ڈی کاظم نیاز نے معاہدے پر دستخط کیے۔
ینگ یی نے پاکستان میں اسٹریٹجک اور مالی طور پر سستے پی پی پیز کو فروغ دینے کے لئے سازگار ماحول کی اہمیت پر زور دیا۔
پر وگرام کا بنیادی مقصد گورننس فریم ورک کو مضبوط کرنا اور وفاقی حکومت کی سطح پر پبلک پر ائیویٹ پارٹنرشپ کے لیے ماحول کو فعال بنانا ہے، پر وگرام کے تحت عوامی سرمایہ کاری کے انتظام و انصرام اور عوامی مالیات کے لیے پالیسی، قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک کو مضبوط بنایاجائیگا جبکہ قومی اور شعبہ جاتی بنیادی ڈھانچہ کی منصوبہ بندی پبلک پر ائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کی تیاری میں بھی مددحاصل کی جائیگی۔
ڈاکٹر کاظم نیاز نے سیلاب کے بعد پاکستان کی اہم ترقیاتی ضروریات اور بحالی کی کوششوں کے لئے مسلسل تعاون پر اے ڈی بی کا شکریہ ادا کیا۔ یہ قرضے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے، ادائیگیوں کے توازن (بی او پی) کی حمایت کرتے ہیں اور ملک کے میکرو اکنامک استحکام میں کردار ادا کرتے ہیں۔
ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ یہ پروگرام ترقیاتی عمل میں نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کے وزیراعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے 5 جون کو پاکستان کے لیے پالیسی پر مبنی 250 ملین ڈالر قرض کی منظوری دی تھی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کا پائیدار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروگرام حکومتی پالیسیوں کے نفاذ کی حمایت کرتا ہے تاکہ مالی طور پر سستی پی پی پیز کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا سکے اور جامع معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کا پروگرام ان اصلاحات کی حمایت کرتا ہے جو پی پی پیز کے لئے عوامی سرمایہ کاری کے انتظام اور عوامی مالیاتی انتظام کے لئے زیادہ مضبوط اور مربوط قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک تشکیل دے کر پی انفرااسٹرکچر سرمایہ کاری کی جذب کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کریں گی۔
یہ پروگرام ایک مربوط پالیسی کے نفاذ کی حمایت کرتا ہے۔ ان اصلاحات سے بنیادی ڈھانچے کی موثر منصوبہ بندی میں مدد ملے گی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں پائیدار ترقی کے طریقوں کو فروغ ملے گا۔
7لاکھ ڈالر کی تکنیکی معاونت کی گرانٹ پروگرام کی تیاری اور نفاذ کے لئے مالی اعانت فراہم کررہی ہے۔ دسمبر 2023 ء میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے پی پائپ لائن کی نشاندہی، استعداد کار بڑھانے اور شعبے کی حکمت عملی کی ترقی میں مدد کے لیے مزید 950,000 ڈالر کی منظوری دی تھی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024