بھارت میں ووٹنگ ختم ہونے کے بعد اروند کجریوال کو جیل واپس بھیج دیا جائے گا

02 جون 2024

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک بڑے مخالف اروند کجریوال نے کہا ہے کہ وہ اتوار کو دوبارہ جیل جائیں گے، جب انہیں حال ہی میں ختم ہونے والے عام انتخابات میں انتخابی مہم چلانے کی اجازت دینے کے لیے ضمانت کی مدت ختم ہو جائے گی۔

دارالحکومت دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال، جو انتخابات میں مودی کے خلاف مقابلہ کرنے کے لئے بنائے گئے اپوزیشن اتحاد کے ایک اہم رہنما ہیں، کو طویل عرصے سے چل رہی بدعنوانی کی تحقیقات کے سلسلے میں مارچ میں حراست میں لیا گیا تھا۔

وہ اس بلاک کے ان کئی رہنماؤں میں شامل ہیں جن کے خلاف مجرمانہ تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ان کے ساتھیوں نے عام انتخابات شروع ہونے سے ایک ماہ قبل ان کی گرفتاری کو حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ایک ’سیاسی سازش‘ قرار دیا ہے۔

بھارت کی اعلیٰ ترین عدالت نے گزشتہ ماہ انہیں ضمانت دے دی تھی جس سے حزب اختلاف کی جانب سے مودی کو ہٹانے کی مہم کو تقویت ملی تھی لیکن ساتھ ہی انہیں چھ ہفتوں تک جاری رہنے والے انتخابات میں ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد جیل میں واپس آنے کا بھی حکم دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اتوار کی دوپہر کو خود کو دہلی کی تہاڑ جیل میں پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا، ’میں 21 دنوں کے لیے انتخابی مہم کے لیے باہر آیا ہوں۔ آج میں تہاڑ جیل جا کر گرفتاری دونگا۔

تاہم انہوں نے کہا کہ وہ پہلے مہاتما گاندھی کی یادگار پر جائیں گے، ایک ہندو مندر میں پوجا کریں گے اور اپنے پارٹی دفتر جائیں گے اور تمام کارکنوں اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ سب اپنا خیال رکھیں۔ ’’میں جیل میں آپ سب کا خیال رکھوں گا۔ اگر آپ خوش ہیں تو آپ کا کجریوال بھی جیل میں خوش ہوگا۔

کجریوال کی حکومت پر بدعنوانی کا الزام اس وقت لگایا گیا تھا جب انہوں نے 2021 میں شراب کی فروخت کو آزاد بنانے اور اس شعبے میں منافع بخش سرکاری حصص چھوڑنے کی پالیسی نافذ کی تھی۔

اس پالیسی کو اسی سال واپس لے لیا گیا تھا، لیکن لائسنسوں کی مبینہ طور پر بدعنوان تقسیم کی تحقیقات کے نتیجے میں کجریوال کے دو ساتھیوں کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔

ہندو قوم پرست وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کے روز ووٹنگ ختم ہونے کے بعد مسلسل تیسری بار زبردست کامیابی حاصل کرنے کے لئے پرامید ہیں۔

ایگزٹ پول سے پتہ چلتا ہے کہ وہ کامیابی کی راہ پر گامزن ہیں اور مودی کو خود یقین ہے کہ وہ جیت گئے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ہندوستان کے عوام نے ان کی حکومت کو دوبارہ منتخب کرنے کے لئے ریکارڈ تعداد میں ووٹ دیا ہے۔

انتخابی نتائج کا باضابطہ اعلان منگل کو کیا جائے گا۔

Read Comments