غزہ کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں 31 فلسطینی شہید

غزہ کے ایک اسپتال نے اتوار کے روز کہا ہے کہ فلسطینی علاقے کے وسط میں ایک پناہ گزین کیمپ کے ایک گھر پر اسرائیلی فضائی...
اپ ڈیٹ 19 مئ 2024

فلسطینی شہری دفاع کے ادارے نے کہاہے کہ غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں کم ازکم 31 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ اسرائیل کی جانب سے تازہ بمباری ایسے موقع پر کی گئی ہے جب امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان خونی تنازع اور جنگ کے بعد کے حالات پر بات چیت کے لیے اسرائیل کا دورہ کررہے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے دستے غزہ کے پرہجوم جنوبی شہر رفح میں داخل ہو گئے ہیں جسے وہ حماس کا آخری گڑھ قرار دیتے ہیں اور جہاں اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ لڑائی سے مزید 8 لاکھ فلسطینی بے گھر ہوگئے ہیں۔

اسرائیل نے غزہ کے شمالی اور وسطی علاقوں میں حماس کے مزاحمتی جنگجوؤں کے خلاف بھی لڑائی اور بمباری کی ہے جو پہلے فوج کے کنٹرول میں سمجھے جاتے تھے۔ اس بمباری پرامریکہ نے وارننگز دی تھیں کہ اسرائیلی فوج ایک طویل انسداد بغاوت مہم میں الجھ سکتی ہے۔

غزہ کی شہری دفاعی ایجنسی نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے تازہ بمباری رات بھر جاری رہی اور وسطی نصیرات پناہ گزین کیمپ میں ایک خاندان کے گھر پر حملے میں 31 افراد شہید اور 20 زخمی ہوئے۔

فلسطینی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا نے بتایا کہ زخمیوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں اور امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ رپورٹس کی جانچ کر رہی ہے۔

Read Comments