اجناس کی منڈی کو ڈیجیٹائز کرنے کی ضرورت ہے،منیجنگ ڈائریکٹر پی ایم ای ایکس

19 مئ 2024

پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کے منیجنگ ڈائریکٹر فرحان طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج (پی ایم ای ایکس) کا فیوچر مارکیٹ کے ڈیزائن اور مارکیٹ اکانومی میں بہت بڑا کردار ہے جس پر مستقبل کی مارکیٹ کا انحصار ہے۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی پی ایم ای ایکس نے کہا کہ مارکیٹ ایکو سسٹم اور سٹوریج بہت اہم ہے جس پر پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اجناس کی منڈی کو ڈیجیٹائز کرنے کی ضرورت ہے جس پر ہمارا ادارہ تحقیق اور تجزیات کے ذریعے کام کر رہا ہے۔

فرحان طاہر نے کہا کہ اس وقت عالمی کیپٹل مارکیٹ میں ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن بہت اہم ہیں اور “ہم کموڈٹی مارکیٹ کا ایکو سسٹم بنانے پر کام کر رہے ہیں اور ملکی معیشت کی بحالی اور ترقی میں اس کا کردار اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیوچر مارکیٹ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے آج یہاں ایک نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا مقصد عوام میں آگاہی پیدا کرنا اور ملکی معیشت کو فیوچر مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت میں پیداواری صلاحیت کم ہے اور اس پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے جس پر پی ایم ایس ایکس عمل کر رہا ہے۔

ایم ڈی پی ایم ای ایکس نے کہا کہ اجناس مارکیٹ میں اسٹوریج بہت اہم ہے اور ہمارا ادارہ کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے جس سے ہماری زرعی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکوں کی معیشتوں کا انحصار تحقیق اور ڈیٹا پر ہے اور فیوچر مارکیٹ بھی اسی پر منحصر ہے۔

فرحان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان میں مارکیٹ اکانومی کو جدید بنانے کے لیے پی ایم ایس ایکس کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے تاکہ ملکی معیشت آگے بڑھ سکے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت میں مسابقت لانے اور اسے عالمی مارکیٹ کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لئے اسٹیک ہولڈرز کا کردار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایم ایس ایکس زرعی معیشت میں اسٹیک ہولڈرز کومربوط کرنے کے لئے ایک اچھا پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔

اس موقع پر اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کے ریجنل منیجر بزنس ڈیولپمنٹ حبیب ممسہ نے کہا کہ فیوچر مارکیٹ اس وقت ملکی معیشت میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس سے معیشت میں مسابقت میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں مسابقت کے لئے اقتصادی مسابقت اور پیداواری صلاحیت اہم ہے۔

اس موقع پر ہیڈ آف پراجیکٹ اینڈ پراجیکٹ ڈویلپمنٹ سید حامد رضا نے کہا کہ کموڈٹی مارکیٹ فیوچر مارکیٹ میں بہت اہم ہے اور اس کے لئے ڈیٹا کا کردار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ گندم اور مکئی سمیت پاکستان کی تمام بڑی فصلوں کے لئے اسٹوریج فراہم کرنا بہت ضروری ہے اور اسی طرح اناج اور پھلوں کے ضیاع کو روکنا بھی ضروری ہے۔

دریں اثنا سینئر منیجر پروڈکٹ پی ایم ای ایکس عرفان کسانہ نے کہا کہ ملکی معیشت میں فیوچر مارکیٹ انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور اس کا انضمام ملکی معیشت کیلئے اہم ہے۔

Read Comments