اسرائیلی فوج کا جنین میں حملہ، سینئر فلسطینی جنگجو شہید

18 مئ 2024

اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین میں آپریشن سینٹرپر فضائی حملے کے دوران ایک سینئر فلسطینی جنگجو کو شہید کر دیا ۔

اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے ٹیلی گرام پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ کئی اہم جنگجو کمپاؤنڈ کے اندر موجود تھے۔

انہوں نے ایک لڑاکا طیارے اور ہیلی کاپٹر کے حملے میں اسلام خامیسہ کو شہید کرنے کا دعوی کیا ہے ۔

القدس بریگیڈ نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ جمعہ کی رات اسرائیلی حملے کے دوران اسلام خامیسہ شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔

اسلام خامیسہ اسلامی جہاد سے وابستہ جنین بٹالین کا لیڈر تھا۔

فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ جمعہ کی شب جنین میں اسرائیلی فوج کی کارروائی کے نتیجے میں ایک شخص شہید ، 8 زخمی ہوئے جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے مغربی کنارے پر 1967 سے قبضہ کر رکھا ہے اور اس کے فوجی معمول کے مطابق جنین جیسے علاقوں میں دراندازی کرتے رہتے ہیں، جو برائے نام فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی کنٹرول میں ہیں۔

7 اکتوبر کے بعد سے مغربی کنارے میں تشدد میں حالیہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔

فلسطینی حکام کے مطابق 7 اکتوبر سے مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز یا آباد کاروں کے ہاتھوں 500 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور اسی عرصے کے دوران کم از کم 20 اسرائیلی مارے جا چکے ہیں۔

حماس کے زیر اقتدار غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی جوابی کارروائی میں کم از کم 35,303 شہید ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔

Read Comments