برطانیہ نے زندگیاں بچانے کی واضح منصوبہ بندی کے بغیر رفح حملہ مسترد کر دیا

12 مئ 2024

برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ کے شہر رفح میں لوگوں کے تحفظ کے لیے ’واضح منصوبہ بندی‘ کے بغیر حملہ نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے اسکائی نیوز ٹیلی ویژن سے بات کرتے ہوئے کہا، رفح میں ایک بڑے حملے کے لیے، ایک بالکل واضح منصوبہ ہونا ضروری ہے کہ آپ کس طرح زندگیاں بچائیں گے، آپ لوگوں کو راستے سے کیسے باہر نکالیں گے، آپ کیسے یقینی بنائیں گے کہ انہیں کھانا کھلایا جائے، آپ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے پاس دوائیں اور پناہ گاہ اور سب کچھ موجود ہو۔

انہوں نے مزید کہا ہم نے ایسا کوئی منصوبہ نہیں دیکھا ہے لہٰذا ہم اس طرح سے کسی جارحانہ کارروائی کی حمایت نہیں کرتے۔

اسرائیل نے مشرقی رفح سے انخلاء کے حکم میں توسیع کے بعد اتوار کو غزہ میں حماس پر مزید حملے شروع کر دیے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج کی جانب سے لوگوں کو نقل مکانی پر زور دیے جانے کے بعد سے اب تک تین لاکھ افراد فلسطینی علاقے سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔

اسرائیلی فوجیوں نے اس ہفتے بڑے پیمانے پر بین الاقوامی مخالفت کو نظر انداز کرتے ہوئے شہر کے مشرقی علاقوں میں داخل ہونے کے لئے ایک اہم امدادی گزرگاہ کو مؤثر طریقے سے بند کردیا اور دوسرے راستے سے ٹریفک معطل کردی۔

کیمرون نے کہا کہ اسرائیل کو غزہ میں انسانی امداد کی اجازت دینے کے لیے بہتر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں کئی بار کہہ چکا ہوں کہ میں انسانی امداد کے حوالے سے اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی کارروائی سے مطمئن نہیں ہوں۔

Read Comments