آئر لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز،حارث،حسن کی ٹیم میں واپسی

02 مئ 2024

آئرلینڈ اور انگلینڈ کےخلاف ٹی20 میچز کی سیریز کیلئے پاکستان ٹیم میں فاسٹ بولرز حارث رؤف اور حسن علی کو ٹیم میں واپس شامل کرلیا گیا ہے۔ ٹی20 ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے یہ پاکستان ٹیم کے پاس آخری موقع ہے۔

گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کےخلاف سیریز کے دوران انجرڈ ہونے والے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، اعظم خان اور محمد عرفان کو بھی 18 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیم کے سلیکٹرز نے اب تک جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی حتمی 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا ہے۔

سلیکٹر وہاب ریاض نے لاہور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چند کھلاڑیوں سے متعلق فٹنس کے مسائل درپیش ہیں لیکن ہمیں امید ہے کہ دورہ انگلینڈ کے دوران ہم ورلڈ کپ سکواڈ کو حتمی شکل دینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

ورلڈ کپ کی تمام 20 ٹیموں کو یکم مئی کی ڈیڈلائن تک ابتدائی 15 کھلاڑیوں کے نام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو جمع کروانے تھے تاہم اس میں وہ 25 میں تک تبدیلیاں کرسکتے ہیں۔30 سالہ حارث رؤف فروری میں پاکستان سپر لیگ کے دوران کندھے پر چوٹ لگنے کے بعد ٹیم سے باہر تھے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ حارث رؤف نے بولنگ شروع کر دی ہے اور انگلینڈ کےخلاف سیریز تک وہ مکمل طور پر فٹ ہوجائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ حسن علی کو بیک اپ کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ حسن علی نے ستمبر 2022 سے پاکستان کے لیے کوئی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل نہیں کھیلا ہے۔

ٹیسٹ اور ایک روزہ میچز میں پاکستان ٹیم میں شامل ہونے کے بعد اسپن آل راؤنڈر آغا سلمان اب ٹی20 انٹرنیشنل میں بھی ڈیبیو کیلئے تیار ہیں۔

پاکستان ٹیم آئرلینڈ کےخلاف ڈبلن میں 10، 12 اور 14 مئی کو میچز کھیلے گی۔

انگلینڈ کے خلاف میچز 22 مئی کو لیڈز کے ہیڈنگلے، 25 مئی کو برمنگھم کے ایجبسٹن، 28 مئی کو کارڈف میں صوفیہ گارڈنز اور 30 مئی کو لندن میں اوول کے مقام پر میچز کھیلے جائیں گے۔

آئرلینڈ اور انگلینڈ کےخلاف سیریز کے لیے پاکستان کا ٹی 20سکواڈ درج ذیل کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

بابر اعظم (کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، آغا سلمان، شاداب خان۔ خان، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان۔

Read Comments