اسحاق ڈار کا اقتصادی سفارت کاری کو بڑھانے پر زور

28 اپريل 2024

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقتصادی سفارتکاری اور دوسرے ممالک کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کو بڑھانے پر زور دیا ہے۔

ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ نے ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کے لیے بیرون ملک پاکستانی مشنز کے ذریعے کی جانے والی مارکیٹنگ کو بہتر بنانے کی کوششوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے مشنز کے سربراہان کے ساتھ ایک آن لائن میٹنگ کی صدارت کی۔

سیکرٹری ایوی ایشن/ڈی جی سی اے اے نے بتایا کہ ترکی، ملائیشیا، متحدہ عرب امارات، قطر، پیرس، اسپین، جرمنی، کویت، برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ میں مشن کے سربراہوں کی مشترکہ کوششوں سے ہوائی اڈوں کے بڑے آپریٹرز کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے۔ جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بولی میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔

سیشن کے بعد ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا 9واں اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری ایوی ایشن/ڈی جی سی اے اے، سیکرٹری قانون و انصاف، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ ایم ای، ایڈیشنل سیکرٹری بی او آئی، ڈی جی اے ایس ایف، ڈی جی اے این ایف، ایڈیشنل ڈی جی سی اے اے، ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے (امیگریشن)، پاکستان کسٹمز کے سینئر افسر اور آئی ایف سی ٹیم نے شرکت کی۔

آئی ایف سی نے پیشرفت کا جائزہ رپورٹ پیش کی اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ غیر ملکی سرمایہ کار اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بولی کے عمل میں گہری دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں اور بولی میں ایک صحت مند مقابلے کی توقع ہے۔

فورم نے ہوائی اڈوں پر خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی کنسلٹنٹس کے ذریعے کام کرنے والے کلیدی کارکردگی کے اشاریوں (KPI’s) اور خدمات کی فراہمی کے معیارات کا بھی جائزہ لیا۔

حکومتی اداروں کے سربراہان کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کے بغیر کسی رکاوٹ کے سہولت کو یقینی بنانے کے لیے سروس ڈیلیوری کے معیارات کی پابندی کی جائے گی۔

وزیر خارجہ نے آئی ایف سی پر زور دیا کہ وہ لاہور اور کراچی ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مقررہ مدت میں مطلوبہ کام کو تیزی سے مکمل کرے۔

Read Comments