پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس (پی بی یس) کے مطابق، مالی سال 25-2024 کے جولائی سے فروری کے دوران لارج اسکیل مینوفیکچرنگ سیکٹر (ایل ایس ایم) میں مجموعی طور پر 1.90 فیصد کی منفی ترقی ریکارڈ کی گئی ہے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں کم ہے۔
فروری 2025 میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ انڈسٹریز (ایل ایس ایم آئی) کی پیداوار میں فروری 2024 کے مقابلے میں 3.51 فیصد اور جنوری 2025 کے مقابلے میں 5.90 فیصد کمی دیکھی گئی۔ اسی طرح نومبر 2024 میں پیداوار نومبر 2023 کے مقابلے میں 3.81 فیصد اور اکتوبر 2024 کے مقابلے میں 1.19 فیصد کم ہوئی۔
بڑی صنعتوں کے عارضی کوانٹم انڈیکس (کیو آئی ایم) برائے فروری 2025، جس کی بنیاد سال 16-2015 ہے، متعلقہ اداروں جیسے کہ آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی)، وزارت صنعت و پیداوار، وزارت تجارت اور صوبائی بیوروز آف اسٹیٹکس کی جانب سے فراہم کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔ مالی سال 25-2024 کے جولائی تا نومبر کے لیے کیو آئی ایم کا تخمینہ 109.33 لگایا گیا ہے۔
مجموعی منفی شرح نمو مائنس 1.90 فیصد رہی۔ تمباکو، ٹیکسٹائل، گارمنٹس، پیٹرولیم مصنوعات اور آٹوموبائل کے شعبوں نے مثبت نمو ظاہر کی، جبکہ خوراک، کیمیکل مصنوعات، سیمنٹ، فولادی مصنوعات، برقی آلات، مشینری اور نان میٹلک منرل مصنوعات جیسے شعبوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق، جولائی تا فروری 25-2024 کے دوران گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تمباکو، ٹیکسٹائل، گارمنٹس، کوک و پیٹرولیم مصنوعات، آٹوموبائل اور دیگر ٹرانسپورٹ آلات کی پیداوار میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ خوراک، کیمیکل، نان میٹلک منرل مصنوعات، فولاد، برقی آلات، مشینری اور فرنیچر کی پیداوار میں کمی آئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق، جن شعبوں میں نمایاں اضافہ ہوا اُن میں تمباکو میں 17.75 فیصد، ٹیکسٹائل میں 0.33 فیصد، گارمنٹس میں 2.63 فیصد، چمڑے کی مصنوعات میں 2.30 فیصد، کاغذ و گتہ میں 9.95 فیصد، کوک و پیٹرولیم مصنوعات میں 23.37 فیصد، دواسازی میں 2.48 فیصد، کمپیوٹر و الیکٹرانکس مصنوعات میں 7.15 فیصد اور آٹوموبائل میں 30.72 فیصد اضافہ شامل ہے۔
اس کے برعکس، خوراک کی پیداوار میں 5.01 فیصد، مشروبات میں 7.54 فیصد، لکڑی کی مصنوعات میں 14.58 فیصد، کیمیکل میں 18.52 فیصد، کیمیکل مصنوعات میں 19.45 فیصد، فرٹیلائزر میں 17.94 فیصد، ربڑ مصنوعات میں 13.28 فیصد، نان میٹلک منرل مصنوعات میں 1.80 فیصد، فولادی مصنوعات میں 9.76 فیصد، دھات سے بنی اشیاء میں 0.80 فیصد، برقی آلات میں 7.36 فیصد، مشینری میں 33.54 فیصد اور فرنیچر میں 56.49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025