تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی، حکومت نے فیول ریلیف روک لیا، بلوچستان ہائی وے کے لیے فنڈز فراہمی کا اعلان

  • بچت کی گئی رقم این 25 ہائی وے کو 2 رویہ کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی، وزیراعظم آفس
15 اپريل 2025

وزیراعظم ہاؤس (پی ایم او) کی جانب سے منگل کے روز جاری ایک بیان کے مطابق تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت نے مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس بچت کو بلوچستان میں ایک اہم شاہراہ کو دو رویہ (ڈبل) کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اس بات کا اعلان کیا ہے۔

اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ بین الاقوامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا فائدہ صارفین تک پہنچانے کے بجائے بچائی گئی رقم بلوچستان میں اہم این 25 ہائی وے (چمن، کوئٹہ، قلات، خضدار، کراچی ہائی وے) کو دو رویہ کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔

اس اقدام کا مقصد بلوچستان کے عوام کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قومی شاہراہ کی بحالی موٹروے کے معیار پر پورا اترے۔

مزید برآں، اسی بچت کو کچھی کینال کے دوسرے مرحلے کی تکمیل کے لئے بھی استعمال کیا جائے گا، جس سے بلوچستان میں سیکڑوں ایکڑ زمین کو سیراب کرنے کا منصوبہ ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکت کی اور این 25 کی بحالی کے منصوبے اور بلوچستان کے عوام کے لیے دیگر ترقیاتی اقدامات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر پیٹرولیم پروڈکٹس (پیٹرولیم لیوی) آرڈیننس 1961 میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔

اس ترمیم سے قومی محصولات میں اضافہ ہوگا۔

بین الاقوامی توانائی ایجنسی کی جانب سے تیل کی طلب کی پیش گوئی میں کمی کے بعد منگل کے روز عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف میں کچھ نئی چھوٹ کی تجویز کی وجہ سے قیمتوں میں کمی محدود ہوگئی۔

برینٹ کروڈ فیوچر 54 سینٹ یا 0.8 فیصد کی کمی کے ساتھ 64.34 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 57 سینٹ یا 0.9 فیصد کی کمی سے 60.96 ڈالر فی بیرل رہی۔

امریکی تجارتی پالیسیوں میں کمی نے تیل کی عالمی منڈیوں کے لئے غیر یقینی صورتحال پیدا کردی ہے اور پیر کے روز اوپیک کو اپنی طلب کے نقطہ نظر کو کم کرنے پر مجبور کیا ہے۔

آئی ای اے نے تجارتی کشیدگی میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے منگل کے روز عالمی سطح پر تیل کی طلب میں اضافے کی پیش گوئی کو 1.03 ملین بیرل یومیہ سے کم کرکے 730،000 بیرل یومیہ (بی پی ڈی) اور اگلے سال 690،000 بیرل یومیہ کردیا۔

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت پاکستان نے گزشتہ نظرثانی کے موقع پر پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کی تھی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ 15 اپریل تک پٹرول کی قیمت بالترتیب 254.63 روپے اور 258.64 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

Read Comments