وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کو ’سچا محب وطن‘ اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیا ہے۔
اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نے پاکستان کے شہداء کی توہین کرنے والوں کو سخت تنبیہ بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے خلاف بولنا سنگین ترین جرم ہے۔
انہوں نے برطانیہ میں حالیہ پاکستان مخالف بیانیے کی شدید مذمت کی، جس میں شہداء کو نشانہ بنایا گیا۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ بیرون ملک 10 کروڑ سے زائد پاکستانی اربوں ڈالر بھیج کر دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم بلند کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ اگرچہ 2018 تک دہشت گردی تقریبا ختم ہو چکی تھی لیکن اب یہ واپس آ رہی ہے ، ہر کوئی جانتا ہے کہ دہشت گردی کی جڑیں کہاں ہیں اور کون ان کارروائیوں کی حمایت اور مالی اعانت کرتا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے یاد دلایا کہ 80,000 سے زائد پاکستانیوں نے ملک میں امن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
انہوں نے ایک اہم اقدام کا اعلان بھی کیا کہ بہت جلد اوورسیز پاکستانی ویڈیو لنک کے ذریعے براہِ راست وزراء سے رابطہ کر سکیں گے۔اس نظام کو جلد از جلد فعال کرنے کے لیے انہوں نے نادرا کے چیئرمین کو ہدایت بھی جاری کر دی۔