ریکوڈک منصوبہ پاکستان کو برآمدات پر مبنی معیشت کی جانب لے جائیگا، وزیر خزانہ

  • ریکوڈک تانبا ہمارے لیے وہی اہمیت رکھتا ہے جو نکل انڈونیشیا کے لیے رکھتا ہے، محمد اورنگزیب
12 اپريل 2025

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے ریکوڈک تانبے اور سونے کے منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان کو برآمدات پر مبنی معیشت کی طرف لے جانے میں مدد دے گا۔

لاہور چیمبر آف کامرس میں ہفتہ کو خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کی منتقلی کے حوالے سے تانبہ سب سے اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے، عالمی طلب کے باعث اس دھات کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

اس کا جواب ہمارے پاس ریکوڈک میں موجود ذخائر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کا سونا اور تانبے کا منصوبہ 2028 تک پیداوار شروع کر دے گا۔ اس سے سالانہ 2.8 ارب ڈالر کی برآمدات متوقع ہیں جو ہماری موجودہ برآمدات میں تقریباً 10 فیصد اضافہ کے برابر ہوگا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ تانبا ہمارے لیے وہی اہمیت رکھتا ہے جو نکل انڈونیشیا کے لیے رکھتا ہے، انڈونیشیا نے صرف 2024 میں نکل کی برآمدات سے 22 ارب ڈالر کمائے۔

انہوں نے ایک بار پھر زور دیا کہ معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، جن میں مہنگائی میں کمی، پالیسی ریٹ اور کائبور ریٹ میں کمی شامل ہے۔

پالیسی ریٹ میں کمی کے باعث کمپنیوں کے قرضوں کی واپسی کی لاگت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

اسٹاک مارکیٹ کی حالیہ کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے محمد اورنگ زیب نے کہا کہ بین الاقوامی اور مقامی مسائل کی وجہ سے شیئرز مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ رہے گا۔ میں ہماری اسٹاک مارکیٹ کو ایک ڈیٹا پوائنٹ سمجھتا ہوں، کیونکہ یہ ابھی بھی چھوٹی ہے اور اتنی گہری نہیں کہ اسے مکمل طور پر عوامی معیشت کا حقیقی عکس قرار دیا جا سکے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ایتھوپیا کے سفیر نے میڈ ان گوجرانوالہ ایکسپو 2025 کے دوران انہیں بتایا کہ ہم پاکستان سے برآمدات کا خیرمقدم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ایک شعبے کو برآمد کرنا ہوگا۔

آئی ایم ایف پروگرام کے بارے میں بات کرتے ہوئے اورنگ زیب نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے ساتھ بات چیت صحیح سمت میں جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ٹیکس بیس کو وسیع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور ٹیکس جی ڈی پی کا تناسب 9 سے 10 فیصد سے بڑھا کر 13 فیصد کرنے کا ہدف رکھتی ہے تاکہ مالیاتی پائیداری حاصل کی جا سکے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ اگر ٹیکس کے دائرہ کو وسیع کیا جائے تو ملک خود انحصاری حاصل کر لے گا اور پھر یہ آخری پروگرام ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم آئندہ چند مہینوں میں مزید ریلیف اقدامات کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے حکومت انکم ٹیکس فارم کو آسان بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان اقدامات کے ذریعے تنخواہ دار افراد اپنے موبائل فون کے ذریعے اپنے ٹیکس ریٹرن فائل کرسکیں گے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ انہوں نے پچھلے 15 ماہ میں کسی قسم کی تنخواہ نہیں لی ہے۔

نجکاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محمد اورنگ زیب نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) کی فروخت کے لیے نئے اظہارِ دلچسپی (ای او آئی) رواں ماہ شائع کی جائے گی۔

Read Comments