مالی سال 2026: تنخواہ دار افراد کو ریلیف، بجلی کی قیمتوں میں کمی کا امکان

  • جولائی یا اس سے پہلے بجلی کے بلوں کو کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں، وزیر خزانہ
12 اپريل 2025

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار افراد کے لیے ریلیف اور بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی لائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام میڈ ان گوجرانوالہ نمائش کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیرخزانہ نے اعلان کیا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے ایک تفصیلی ریلیف پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اسے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جولائی یا اس سے پہلے بجلی کے بلوں کو کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کے تمام اہداف پورے کرلیے گئے ہیں اور توقع ہے کہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ مئی میں اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا۔

پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط کے اجرا کے ساتھ ساتھ اضافی ماحولیاتی مالی معاونت بھی ملنے کی امید ہے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبوں سے بجٹ سے متعلق 98 فیصد تجاویز موصول ہو چکی ہیں، بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے سے قبل متعلقہ فریقین کو آگاہ کیا جائے گا کہ کون سی تجاویز قابل عمل ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ بجٹ اپنی حتمی شکل میں یکم جولائی سے نافذ کیا جائے گا، منظوری کے بعد اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی تاکہ اس پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

محمد اورنگزیب نے ٹیکس اصلاحات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ تاجروں سے ٹیکس وصولی میں بہتری آئی ہے، لیکن تاجر دوست اسکیم کو ریونیو کلیکشن سے جوڑنا مناسب نہیں۔ ایک سادہ ٹیکس ریٹرن فارم تیار کیا جا رہا ہے جو عام استعمال کے لیے ہوگا، اور اب ٹیکس پالیسی براہ راست وزارتِ خزانہ کے تحت ہوگی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Read Comments