دودھ پر ٹیکس میں کمی کیلئے تندہی سے کام کر رہے ہیں، وفاقی وزیر خوراک

11 اپريل 2025

وفاقی وزیر خوراک رانا تنویر حسین نے جمعے کے روز کہا ہے کہ حکومت دودھ پر ٹیکسوں میں کمی کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے۔

وزارت خوراک کے ایک بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے یہ بات ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران پاکستان میں ڈیری انڈسٹری کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وفد نے ملاقات کے دوران اہم امور بالخصوص دودھ پر ٹیکس عائد کرنے سے متلعق مسائل کو اجاگر کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دودھ ہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے اور اسے یا تو ٹیکس فری یا پھر اس پر کم سے کم ٹیکس عائد ہونا چاہئے۔

وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ وزارت خوراک دودھ پر ٹیکسوں کو کم کرنے کے لئے تندہی سے کام کر رہی ہے اور انہوں نے یقین دلایا کہ اس سلسلے میں جلد ہی اچھی خبردی جائے گی۔

وزیر موصوف کے مطابق بہت سے دیہی کسان اپنی آمدنی کے بنیادی ذریعہ کے طور پر دودھ فروخت کرنے پر انحصار کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت خوراک جلد ہی ایک سیمینار کا انعقاد کرے گی جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو تعاون اور ڈیری سیکٹر کو درپیش مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنے کی دعوت دی جائے گی۔

Read Comments