پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے سینئر بیورو آفیسر ایرک میئر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی امریکی وفد نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے ساتھ معدنیات کی ترقی میں تعاون باہمی دلچسپی کا بنیادی شعبہ ہے اور ملک میں سرمایہ کاری کے مسلسل بہتر ہوتے ہوئے منظرنامے کی تعریف کی۔
یہ ملاقات پاکستان کے معدنی سرمایہ کاری فورم کے پس منظر میں ہوئی، جس میں امریکی وفد نے اس اقدام کو ”اپنی نوعیت کا پہلا فورم“ قرار دیا اور باہمی فائدہ مند شراکت داری کے ذریعے پاکستان کی ”وسیع غیر استعمال شدہ معدنی دولت“ کو فروغ دینے کی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا۔
میئر نے امریکی انتظامیہ کی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ معدنیات کی ترقی میں تعاون باہمی دلچسپی کا بنیادی شعبہ ہے۔
وفد نے پاکستان میں معدنی سرمایہ کاری کے امکانات کے بارے میں بھی امید کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
مذاکرات میں عالمی اور علاقائی سلامتی کی حرکیات کا بھی احاطہ کیا گیا اور دونوں فریقوں نے پاکستان کی سلامتی کی ضروریات پر نقطہ نظر کا تبادلہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت پہلو پر اعتماد کا اظہار کیا اور تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے موجودہ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ (جی ٹو جی) اور پیپلز ٹو پیپلز (پی ٹو پی) تعاون کے ساتھ ساتھ بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) کے راستے تلاش کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔