Business Recorder Logo

گلوبل فرم الواریز اینڈ مارسل کا پاکستان میں دفتر کھولنے پر غور

09 اپريل 2025

ایک عالمی پروفیشنل سروسز فرم الواریز اینڈ مارسل پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے پر غور کر رہی ہے جس کا مقصد حکومت کی نجکاری کی کوششوں میں مدد کرنا اور ممکنہ عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں راغب کرنا ہے۔

یہ پیش رفت بدھ کے روز فنانس ڈویژن میں کمپنی کے وفد کی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران سامنے آئی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات پاکستان کی نجکاری کے عمل میں کمپنی کی ممکنہ شراکت داری اور سوویرین ویلتھ فنڈ کے قیام کے حوالے سے جاری بات چیت کا حصہ تھی۔

الواریز اینڈ مارسل کے وفد کی قیادت ڈویژن ایگزیکٹو پیٹر برگز، منیجنگ ڈائریکٹر عبداللہ البیری اور ڈائریکٹر گلوبل سوویرین ایڈوائزری رضا باقر نے کی۔

ملاقات کے دوران برگز نے الواریز اینڈ مارسل کے پاکستان میں سرمایہ کاری کے پختہ عزم پر زور دیتے ہوئے خطے کی توسیع پذیر مارکیٹوں میں فرم کی طویل مدتی حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ سرمایہ کاری اور طویل مدتی ترقی کے نمایاں مواقع فراہم کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ نے الواریز اینڈ مارسل کی جانب سے نجکاری اور خودمختار مشاورت میں فرم کی مہارت کو تسلیم کرتے ہوئے ظاہر کی گئی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے بالخصوص بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں پاکستان کی کوششوں میں ان کے ممکنہ کردار کو سراہا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کے لئے پرعزم ہے، 24 سرکاری اداروں (ایس او ایز) کو پہلے ہی نجکاری پائپ لائن میں شامل کیا جا چکا ہے۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے معروف کاروباری گروپوں جیسے عالمی شپنگ کمپنی اے پی مولر مارسک کے حالیہ اعلانات کا بھی حوالہ دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کار اور کاروباری افراد بھی ملک میں ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے نئے جوش و خروش کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ یہ معاشی ترقی کا واضح اشارہ ہے اور پاکستان کی ترقی کے لئے ایک امید افزا علامت ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ الواریز اینڈ مارسل کے ساتھ شراکت داری پاکستان اور اس کی معیشت کے خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کرے گی۔

Read Comments