نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے نیشنل انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سینٹر (این آئی ایف ٹی اے سی) کے قیام کی منظوری دے دی۔
یہ فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے نیکٹا بورڈ آف گورنرز کے پانچویں اجلاس میں کیا گیا۔
نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر خالد چوہان نے بورڈ ممبران کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں خالد چوہان کی جانب سے پیش کردہ تمام سفارشات کی منظوری دی گئی۔
محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لئے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد این آئی ایف ٹی اے سی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اس ادارے کا قیام نیکٹا کے حقیقی مقاصد کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ این آئی ایف ٹی اے سی کے قیام سے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
اجلاس کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ نیکٹا کی استعداد کار بڑھانے میں این آئی ایف ٹی اے سی موثر کردار ادا کرے گا۔