ٹرمپ ٹیرف پر چین کا جواب،امریکی مصنوعات پر 34 فیصد اضافی محصولات عائد

04 اپريل 2025

چین کی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کیے گئے محصولات کے جواب میں 10 اپریل سے تمام امریکی مصنوعات پر 34 فیصد اضافی محصولات عائد کرے گا۔

یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب بدھ کو ٹرمپ نے ممکنہ طور پر ایک تباہ کن تجارتی جنگ کا آغاز کیا، انہوں نے دنیا بھر سے آنے والی درآمدات پر 10 فیصد ٹیرف عائد کیے اور اہم تجارتی شراکت داروں پر اضافی سخت محصولات عائد کردیے۔

صدر ٹرمپ نے ان ممالک کے لیے سب سے سخت ٹیرف عائد کی ہیں جنہیں انہوں نے امریکا کے ساتھ برا سلوک کرنے والے ممالک قرار دیا ہے، جن میں سپرپاور حریف چین پر 34 فیصد، یورپی یونین پر 20 فیصد اور جاپان پر 24 فیصد ٹیرف شامل ہیں۔

ٹرمپ ٹیرف پر فوری طور پر دنیا بھر سے ردعمل آیا جہاں آسٹریلیا نے انہیں غیر ضروری اور اٹلی نے غلط قرار دیا جبکہ دیگر ممالک نے امریکہ کے خلاف جوابی اقدامات کی دھمکی دی ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ دہائیوں تک، ہمارے ملک کو قریب و دور کے ممالک نے، چاہے وہ دوست ہوں یا دشمن، لوٹا، تباہ کیا اور بے دردی سے فائدہ اٹھایا۔

Read Comments