مارچ 2025 کے دوران پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کی شرح سالانہ بنیاد پر 0.7 فیصد رہی جو فروری 2025 کے مقابلے میں کم ہے۔
ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق ماہانہ بنیاد پر مارچ 2025 کے دوران مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 0.9 فیصد اضافہ ہوا جب کہ اس سے پچھلے مہینے فروری 2025 میں 0.8 فیصد کی کمی اور مارچ 2024 میں 1.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے ایک نوٹ میں کہا ہے کہ یہ دسمبر 1965 کے بعد سے سب سے کم ریڈنگ ہے یعنی اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق 59 سال کی کم ترین سطح ہے۔
رواں مالی سال 2025 کے پہلے 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران مہنگائی بڑھنے کی شرح اوسط 5.25 فیصد رہی جو مالی سال 24 کے 9 ماہ میں 27.06 فیصد تھی۔
پاکستان میں مہنگائی خاص طور پر حالیہ برسوں میں ایک اہم اور مستقل معاشی چیلنج رہا ہے۔ مئی 2023 میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 38 فیصد کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، تاہم اس کے بعد سے یہ نیچے کی جانب گامزن ہے۔
چند روز قبل فنانس ڈویژن نے کہا تھا کہ مارچ میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 1 سے 1.5 فیصد کی حد میں رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مارچ 2025 کے دوران مہنگائی بڑھنے کی شرح 1.0 سے 1.5 فیصد اور اپریل 2025 میں 2 سے 3 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے اپنے گزشتہ اجلاس میں شرح سود کو 12 فیصد پر مستحکم رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
کمیٹی کے مطابق فروری 2025 کے دوران مہنگائی بڑھنے کی شرح توقع سے کم رہی جس کی بنیادی وجہ خوراک اور توانائی کی قیمتوں میں کمی ہے۔
ایم پی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ کمیٹی نے ان قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے خطرات کا جائزہ لیا، جو موجودہ مہنگائی میں کمی کے رجحان کو متاثر کر سکتے ہیں۔ اسی دوران، بنیادی افراط زر بلند سطح پر برقرار ہے، جس کی وجہ سے خوراک اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے افراط زر میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
دریں اثنا، سی پی آئی کی تازہ ترین ریڈنگ کئی بروکریج ہاؤسز کے اندازوں کے مطابق تھی۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے مارچ 2025 میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 0.5 سے 1 فیصد کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جو تین دہائیوں میں سالانہ سب سے کم ماہانہ ریڈنگ ہے۔
شہری، دیہی افراط زر
ادارہ شماریات کے مطابق مارچ 2025 میں شہری سطح پرمہنگائی بڑھنے کی شرح کم ہو کر 1.2 فیصد رہی جو فروری 2025 میں 1.8 فیصد اور مارچ 2024 میں 21.9 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
ماہانہ بنیاد پر مارچ 2025 میں مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 0.8 فیصد اضافہ ہوا جب کہ فروری 2025 میں 0.7 فیصد کی کمی اور مارچ 2024 میں 1.4 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مارچ 2025 میں دیہی علاقوں میں مہنگائی بڑھنے کی شرح میں سالانہ بنیاد رپ کوئی تبدیلی نہیں آئی، جو پچھلے مہینے میں 1.1 فیصد اور مارچ 2024 میں 19فیصد تھی۔
ماہانہ بنیادوں پر مہگائی بڑھنے کی شرح میں مارچ 2025 کے دوران 1.1 فیصد اضافہ ہوا جب کہ اس سے پچھلے مہینے میں 1.1 فیصد کی کمی اور مارچ 2024 میں 2.1 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔