امریکی نائب صدر کی گرین لینڈ کا تحفظ نہ کرنے پر ڈنمارک پر تنقید

30 مارچ 2025

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے جمعہ کے روز ڈنمارک پر گرین لینڈ کے تحفظ میں ناکامی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس نیم خود مختار علاقے کا بہتر دفاع کر سکتا ہے۔

وینس نے آرکٹک میں امریکی فوجی اڈے، پیٹوفک، کے دورے کے دوران کہا کہ امریکہ فوری طور پر اپنی فوجی موجودگی میں توسیع کا ارادہ نہیں رکھتا، لیکن اضافی بحری جہازوں سمیت مزید وسائل میں سرمایہ کاری کرے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ روس اور چین گرین لینڈ میں دلچسپی رکھتے ہیں اور ڈنمارک اسے محفوظ رکھنے میں ناکام رہا ہے۔ تاہم، ڈنمارک کی وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن نے ان کے بیان کو غیر منصفانہ قرار دیا۔

جے ڈی وینس کے بیان پر گرین لینڈ کے وزیر اعظم جینس فریڈرک نیلسن نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے ”عدم احترام“ قرار دیا، جبکہ ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے کہا کہ صرف ڈنمارک ہی نہیں، بلکہ امریکہ بھی گرین لینڈ میں مناسب اقدامات کرنے میں ناکام رہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ”دنیا کے امن کے لیے ہمیں گرین لینڈ کی ضرورت ہے“ اور دعویٰ کیا کہ چین اور روس کے جہاز وہاں موجود ہیں۔

گرین لینڈ میں امریکہ کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے، جہاں شہریوں نے ”یانکیز گو ہوم“ کے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ نیلسن نے کہا کہ گرین لینڈ کی خودمختاری اولین ترجیح ہے اور عوام کو متحد رہنا ہوگا۔

Read Comments