عمار پراپرٹیز نے 2.4 ارب ڈالر ڈیوڈنڈ کی منظوری دے دی

28 مارچ 2025

متحدہ عرب امارات کے پراپرٹی ڈیولپر عمار پراپرٹیز کے شیئر ہولڈرز نے 2.4 ارب ڈالر کے ڈیوڈنڈ کی منظوری دے دی ہے۔

کمپنی نے تقریباً 70 ارب درہم (19 ارب ڈالر) کی پراپرٹی فروخت ریکارڈ کی جو 2023 کے مقابلے میں 72 فیصد زیادہ ہے۔

کمپنی ترکیہ، بھارت، پاکستان اور مراکش سمیت مختلف ممالک میں بھی ترقیاتی منصوبے رکھتی ہے۔

عمار کی پراپرٹی فروخت سے حاصل شدہ آمدنی کا بیک لاگ 110 ارب درہم سے تجاوز کرگیا ہے جو مستقبل میں آمدنی کے استحکام کو مزید تقویت دیتا ہے۔

کمپی کی مجموعی آمدنی 2024 میں 35.5 ارب درہم تک پہنچ گئی، جو سالانہ بنیاد پر 33 فیصد اضافہ ہے جبکہ قبل از ٹیکس خالص منافع 25 فیصد اضافے کے ساتھ 18.9 ارب درہم تک پہنچ گیا۔

کمپنی کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق عمار کا سالانہ ای بی آئی ٹی ڈی اے 19.3 ارب درہم رہا، جس کا مارجن 54 فیصد رہا۔

عمار پراپرٹیز کے بانی محمد البار نے ایک بیان میں کہا کہ عمار کے 2024 کے نتائج آپریشنل بہترین کارکردگی، جدت طرازی اور کسٹمر کے تجربے کیلئے ہماری لگن کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے ہم آگے بڑھ رہے ہیں ہم پائیدار اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کے لیے پرعزم ہیں، متحدہ عرب امارات کے نیٹ زیرو 2050 وژن کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے سرمایہ کاری اور ترقی کے لئے ایک معروف عالمی منزل کے طور پر دبئی کی پوزیشن کو مزید بہتر بنائیں گے۔

عمار دبئی کے اہم ڈیولپرز میں سے ایک ہے جس کی اہم جائیدادوں میں برج خلیفہ بھی شامل ہے۔ سال 2023 میں اسے دنیا کا سب سے زیادہ دورہ کیا جانے والا مقام قرار دیا گیا تھا۔

کمپنی کے دو سب سے بڑے شیئر ہولڈرز دبئی کے حکمران محمد بن راشد المکتوم اور متحدہ عرب امارات کا خودمختار سرمایہ کاری فنڈ انویسٹمنٹ کارپوریشن آف دبئی ہیں۔

Read Comments