ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان میں 60 ہزار افراد کو ہائی ٹیک ٹریننگ فراہم کرے گی جب کہ 2 لاکھ 40 ہزار افراد کو بنیادی آئی ٹی تربیت دی جائے گی۔
تمام 3 لاکھ شرکاء کی تربیت رواں سال کے اختتام تک مکمل کرلی جائے گی۔
یہ پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف کی ہواوے کے سی ای او ایتھین سن کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تکنیکی تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہواوے کے ساتھ مضبوط اور طویل مدتی شراکت داری کے خواہاں ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہواوے کے آئی سی ٹی تربیتی پروگرام سے نہ صرف آئی ٹی برآمدات کو فروغ ملے گا بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
دریں اثنا تربیتی پروگراموں کی تھرڈ پارٹی تصدیق بھی کی جائے گی۔
ہواوے نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے اشتراک سے 15 پاکستانی جامعات میں مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، بگ ڈیٹا اور سائبر سیکیورٹی کے کورسز متعارف کرائے ہیں۔
واضح رہے کہ ہواوے ٹیکنالوجیز اس منصوبے کے تحت پہلے ہی 20,315 طلبہ کو تربیت فراہم کرچکا ہے۔ یہ پروگرام آئی سی ٹی ٹیکنالوجیز میں طلبہ، ٹرینرز اور پیشہ ور افراد کی مہارت میں اضافے پر مرکوز ہے۔ ہواوے کے تربیت یافتہ ماسٹر ٹرینرز مقامی سطح پر نوجوانوں کو تربیت فراہم کریں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔