وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے نیشنل ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پالیسی برائے 2025-34 کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں آبادی کے تناسب کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا،موجودہ نظام میں آبادی کا حصہ 82 فیصد ہے جب کہ علاقہ ، غربت اور محصولات پیدا کرنے کی صلاحیت سمیت دیگر عوامل کیلئے صرف 18 فیصد مختص ہے۔
ایک ایسے ملک میں جہاں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی صحت کے نظام پر دباؤ ڈال رہی ہو اور خوراک، لباس، رہائش، پانی اور توانائی کی فراہمی کو مشکل بنا رہی ہو، وہاں آبادی کی بنیاد پر مراعات دینا مزید مسائل کو جنم دے سکتا ہے۔
زیادہ آبادی نہ صرف ماحولیاتی انحطاط میں اضافہ کرتی ہے بلکہ بڑے پیمانے پر آفات کے خطرات کو بھی بڑھا دیتی ہے، اس کے علاوہ امن وامان کی صورتحال مزید بگڑنے کا خدشہ رہتا ہے۔
یہ غیرمتوازن تناسب 30 دسمبر 2009 کو ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے تحت طے پایا، جس پر اُس وقت کی دو بڑی قومی جماعتوں—مرکزی سطح پر پیپلز پارٹی اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن)—کے درمیان طویل بحث و مباحثہ ہوا۔ بالآخر مسلم لیگ (ن) نے آبادی کی بنیاد پر حصہ 100 فیصد سے کم کر کے 82 فیصد کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ 10.3 فیصد پسماندگی، 5 فیصد محصولات (سندھ کے مطالبے پر) اور 2.7 فیصد انورس پاپولیشن ڈینسٹی کے لیے مختص کیے گئے۔ یہ فیصلہ مبینہ طور پر آئین میں ترمیم کے بدلے کیا گیا، جس کے تحت کسی کو تیسری بار وزیرِاعظم بننے کی اجازت دی جاسکتی تھی۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ تقریباً تمام بعد ازاں آنے والے وزرائے خزانہ، بشمول اسحاق ڈار، جنہوں نے مبینہ طور پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ساتواں این ایف سی ایوارڈ طے کیا، اس ایوارڈ کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ وفاقی حکومت کو اپنے سالانہ اخراجات پورے کرنے سے قاصر بنا چکا ہے، جس کے نتیجے میں ملک کا قرض کئی گنا بڑھ گیا ہے۔ تاہم، یہ اعتراض اس حقیقت کو نظرانداز کرتا ہے کہ پارلیمنٹ نے 2010 کی پہلی سہ ماہی میں اٹھارہویں آئینی ترمیم کی منظوری دی، جسے این ایف سی ایوارڈ کے ساتھ جوڑ کر دیکھنا چاہیے، کیونکہ اس کے تحت تعلیم، صحت اور دیگر امور صوبوں کو منتقل کیے جانے تھے—تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ آج تک یہ مکمل طور پر نافذ نہیں ہو سکا۔
این ایف سی ایوارڈ وفاق اور صوبوں کے درمیان ٹیکسز کی تقسیم کا نظام ہے۔ 1996 سے پہلے، صوبوں کو 80 فیصد اور وفاق کو 20 فیصد حصہ ملتا تھا۔ لیکن 1996 میں، وفاق نے اپنا حصہ بڑھا کر 62.5 فیصد کر لیا اور صوبوں کا حصہ کم ہو کر 37.5 فیصد رہ گیا۔ پھر 2009 کے آخر میں یہ تناسب بدلا، اور وفاق کا حصہ 42.5 فیصد جبکہ صوبوں کا حصہ 57.5 فیصد کر دیا گیا۔
یہ بھی واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے موجودہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت وفاقی ملازمین کی تعداد میں نمایاں کمی، وزارتوں کی تنظیم نو، اور اٹھارہویں آئینی ترمیم کے تحت طے شدہ اختیارات صوبوں کو منتقل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
اگرچہ سرکاری دفاتر میں طاقتور مزدور یونینز کی جانب سے اس تجویز کی شدید مخالفت کی جارہی ہے لیکن اس کوشش کو سراہنا چاہیے اور اس کے مؤثر نفاذ کی امید رکھنی چاہیے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت کو اپنے جاری اخراجات کم کرنے کی عادت بھی اپنانی ہوگی جو ہر سال تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
بجٹ 2024-25 میں جاری اخراجات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد اضافہ کیا گیا، جو کہ محدود مالی وسائل کے پیش نظر حیران کن ہے۔
اور یہی مسلسل بڑھتے ہوئے اخراجات مختلف حکومتوں، بشمول موجودہ حکومت، کو بعض ٹیکسوں کے نام تبدیل کرنے یا غلط نام دینے پر مجبور کر رہے ہیں تاکہ انہیں تقسیم شدہ فنڈ میں شامل ہونے سے بچایا جا سکے۔ ان میں نمایاں ترین پٹرولیم لیوی ہے، جو سیلز ٹیکس کے طرز پر وصول کی جاتی ہے لیکن اسے دیگر ٹیکسز کے زمرے میں رکھا جاتا ہے جو تقسیم شدہ فنڈ کا حصہ نہیں بنتے۔
لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اختیارات کی منتقلی کے عمل کا ازسرنو جائزہ لے کر اسے تیز کیا جائے، جبکہ صوبوں کو اپنے وسائل پیدا کرنے، موجودہ اور ترقیاتی اخراجات کے حوالے سے زیادہ جوابدہ بنایا جائے۔ اس سے وفاقی حکومت کے اخراجات کو بنیادی طور پر دفاع اور قرضوں کی ادائیگی تک محدود کیا جا سکتا ہے اور جیسے جیسے قرض لینے کی ضرورت کم ہوگی قرضوں کی ادائیگی کا بوجھ بھی ہرسال گھٹتا جائے گا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025