اسٹاک ایکسچینج میں خریداری کا رجحان، انڈیکس تقریباً 200 پوائنٹس بڑھ گیا

اپ ڈیٹ 25 مارچ 2025

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں گزشتہ روز 2 ہزار سے زائد پوائنٹس کی شدید مندی کے بعد مثبت رجحان واپس آگیا جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای 100 میں تقریباً 200 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

منگل کو کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا جس سے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس 115,877.88 کی کم ترین سطح پرآ گیا تاہم جلد ہی اسٹاک مارکیٹ میں خریداری کی واپسی ہوئی جس سے ایک موقع پر 100 انڈیکس 116,904.55 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 193.54 پوائنٹس یا 0.17 فیصد اضافے سے 116,633.16 پوائنٹس پر بند ہوا۔

آٹوموبائل اسمبلرز، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز اور بجلی کی پیداوار سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ حبکو، پی ایس او، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی، ایم اے آر آئی، او جی ڈی سی اور پی پی ایل کے حصص میں مثبت رجحان رہا۔

یاد رہے کہ پیر کو بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 2 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔ تجزیہ کاروں نے مندی کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے قرض سے متعلق خدشات سے منسوب کیا۔

عالمی سطح پر منگل کو ایشیائی حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس کی وجہ وال اسٹریٹ کی جانب سے دیے گئے اشارے تھے کیونکہ توقع سے کم امریکی محصولات کے امکان نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھایا، جبکہ مثبت معاشی اعداد و شمار کے بعد ڈالر تین ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب رہا۔

سرمایہ کاروں کی توجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ جوابی محصولات اور ان کے عالمی معیشت پر ممکنہ اثرات پر ہے، کیونکہ تجارتی جنگ کے خدشات بازاروں پر حاوی ہیں۔

ٹرمپ نے پیر کو کہا تھا کہ آٹوموبائل پر محصولات جلد عائد کی جائیں گی، اگرچہ انہوں نے عندیہ دیا کہ ان کی تمام مجوزہ ڈیوٹیاں 2 اپریل کو نافذ نہیں ہوں گی اور کچھ ممالک کو رعایت مل سکتی ہے۔

یہ سرمایہ کاروں کے لئے امریکی اسٹاک کو اوپر بھیجنے کے لئے کافی تھا۔

ایس اینڈ پی 500 دو ہفتوں میں اپنی بلند ترین سطح پر بند ہوا جبکہ ٹیک اسٹاک میں تیزی نے نیسڈیک کو 2 فیصد سے زیادہ کا اضافہ کیا۔ منگل کی صبح جاپان کے نکی اور تائیوان کے حصص میں ایک فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا۔ یورپی فیوچرز بھی ابتدائی ایشیائی اوقات میں مثبت اشارے دے رہے تھے۔

آل شیئرز انڈیکس کا حجم 311.97 ملین سے کم ہو کر 268.09 ملین رہ گیا۔

حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 20.95 ارب روپے سے گھٹ کر 19.45 ارب روپے رہ گئی۔

پاک الیکٹرون 23.53 ملین حصص کے ساتھ سرفہرست رہے، ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 22.83 ملین حصص کے ساتھ دوسرے اور کنرجیکو پی کے 14.45 ملین حصص کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

مجموعی طور پر 436 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 155 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،214 میں کمی اور 67 میں استحکام رہا۔

Read Comments