خام تیل کی قیمتیں پیر کو کم ہوگئیں کیونکہ سرمایہ کاروں نے روس-یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے جاری جنگ بندی مذاکرات کے ممکنہ نتائج کا جائزہ لیا جو عالمی منڈیوں میں روسی تیل کی سپلائی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔
برینٹ کروڈ فیوچر 25 سینٹ یا 0.4 فیصد کی کمی سے 71.91 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔
یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 20 سینٹ یا 0.3 فیصد کی کمی سے 68.08 ڈالر پر آگیا۔
دونوں بینچ مارک جمعہ کو زیادہ قیمت پر بند ہوئے اور مسلسل دوسرے ہفتے اضافے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے، کیونکہ ایران پر نئی امریکی پابندیوں اور اوپیک پلس پروڈیوسر گروپ کے تازہ پیداواری منصوبے نے سپلائی میں کمی کی توقعات بڑھا دی تھیں۔
ایک امریکی وفد پیر کو روسی حکام سے مذاکرات کرے گا، جس کا مقصد بحیرہ اسود میں جنگ بندی اور یوکرین میں وسیع پیمانے پر تشدد کے خاتمے کی راہ ہموار کرنا ہے، اس سے قبل وفد نے اتوار کو یوکرینی سفارت کاروں سے مشاورت کی تھی۔
فوجیٹومی سیکیورٹیز کے تجزیہ کار توشیتاکا تازاوا نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات میں پیش رفت کی توقعات اور روسی تیل پر امریکی پابندیوں میں ممکنہ نرمی کی وجہ سے قیمتوں میں کمی آئی ہے۔
لیکن سرمایہ کار اپریل کے بعد مستقبل کے اوپیک پلس پیداوار کے رجحانات کا جائزہ لیتے ہوئے بڑی پوزیشنوں سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔
اوپیک پلس جو تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اور اس کے اتحادیوں، بشمول روس، پر مشتمل ہے، نے جمعرات کے روز سات رکن ممالک کے لیے ایک نیا شیڈول جاری کیا۔ اس کے تحت، انہیں مقررہ حد سے تجاوز کرنے والی پیداوار کی تلافی کے لیے اضافی کٹوتیاں کرنا ہوں گی۔ یہ کٹوتیاں آئندہ ماہ طے شدہ پیداوار میں اضافے سے کہیں زیادہ ہوں گی۔
سنگاپور میں قائم آئی جی کے اسٹریٹیجسٹ یپ جون رونگ نے کہ ہے کہ یوکرین-روس جنگ بندی مذاکرات سے روسی برآمدات میں اضافے کی توقعات بڑھ رہی ہیں، جبکہ اپریل میں اوپیک پلس کی ممکنہ پیداواری بڑھوتری مزید سپلائی میں اضافے کی نشاندہی کرتی ہے، جسے طلب کے عوامل مکمل طور پر جذب کرنے میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
اوپیک پلس 2022 سے مارکیٹ کو مستحکم رکھنے کے لیے مرحلہ وار اقدامات کے تحت روزانہ 5.85 ملین بیرل، یعنی عالمی سپلائی کے تقریباً 5.7 فیصد کی پیداواری کٹوتی کررہا ہے۔
اس نے 3 مارچ کو تصدیق کی کہ اس کے 8 ارکان اپریل سے 138،000 بی پی ڈی کے ماہانہ اضافے کے ساتھ آگے بڑھیں گے، جس میں صحت مند مارکیٹ کے بنیادی اصولوں کا حوالہ دیا گیا ہے۔ مارکیٹ کے شرکاء گزشتہ ہفتے اعلان کردہ ایران سے متعلق نئی امریکی پابندیوں کے اثرات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔