میئر کراچی نے وزیراعظم سے کراچی کیلئے 100 ارب روپے کے فنڈز مانگ لیے

24 مارچ 2025

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وزیراعظم پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ کراچی کے حوالے سے اپنے وعدے پورے کریں جبکہ ایم کیو ایم سے بلدیاتی اختیارات کے حوالے سے اپنا موقف واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے جوابی خط موصول ہوا ہے جس کا وہ جلد جواب دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماچی میانی مارکیٹ کے ارد گرد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

میئر کراچی نے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا کراچی کی بنیاد ہے اور اس علاقے میں بلدیاتی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کا سب سے بڑا مسئلہ سیوریج سسٹم کا تھا جسے اب حل کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے گورنر سندھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ افطار اور سحری کی پارٹیوں میں شرکت کے بجائے انہیں شہر کے مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کی ترقی کے لیے 100 ارب روپے جاری کرے۔ انہوں نے کراچی حیدرآباد سکھر موٹروے کو بہتر بنانے کیلئے کوششوں کا بھی مطالبہ کیا۔

میئر مرتضیٰ وہاب نے بلدیاتی اختیارات کے حوالے سے ایم کیو ایم کے غیر واضح موقف پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ایم کیو ایم پہلے نچلی سطح پر گورننس کی حمایت کرتی تھی لیکن اب اس کا مؤقف ہے کہ پی آئی ڈی سی ایل کو کے ایم سی کی ذمہ داریاں سنبھالنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ میگا سٹی میں پانی کی قلت کے مسئلے کو حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ کیماڑی فش مارکیٹ اور لیاری میں ترقیاتی منصوبے فعال طور پر جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور کراچی کی بہتری کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، پیپلز پارٹی کے رہنما جاوید ناگوری، ڈائریکٹر جنرل ورکس طارق مغل، منتخب بلدیاتی نمائندے اور پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما بھی موجود تھے۔

Read Comments