Business Recorder Logo

ای سی سی نے اسٹیٹ بینک کے 330 ارب کے ایل ٹی ایف ایف کو ایگزم بینک کو منتقل کرنے کی منظوری دیدی

  • اقدام اسٹیٹ بینک سے ایگزم بینک کو برآمدات سے متعلق فنانسنگ کی بتدریج منتقلی کی نشاندہی کرتا ہے۔
اپ ڈیٹ 21 مارچ 2025

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے جمعہ کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی طویل مدتی مالیاتی سہولت (ایل ٹی ایف ایف) کو ایگزم بینک کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ آج وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس کے دوران ای سی سی نے اسٹیٹ بینک کے ایل ٹی ایف ایف کو ایگزم بینک کو مرحلہ وار منتقل کرنے کے حوالے سے فنانس ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر غور کیا۔

ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ اسٹیٹ بینک کا 330 ارب روپے کا ایل ٹی ایف ایف پورٹ فولیو مرحلہ وار ایگزم بینک کو دیا جائے گا، جس میں مالی سال 2025 کے نئے پورٹ فولیو کے لیے ایل ٹی ایف ایف سبسڈی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ (ٹی ایس جی) کے ذریعے 1.001 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔

یہ اقدام اسٹیٹ بینک سے ایگزم بینک کو برآمدات سے متعلق فنانسنگ کی بتدریج منتقلی کی نشاندہی کرتا ہے۔

دریں اثناء ای سی سی نے وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے مختص 5.6 ارب روپے کے بجٹ میں سے 2 ارب روپے کا ٹی ایس جی فراہم کرنے کی سمری پر غور کیا اور اس کی منظوری دے دی۔

اعلامیے کے مطابق منظور شدہ گرانٹ میڈیا ہاؤسز پر واجب الادا اشتہارات کے واجبات کی ادائیگی کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔

ای سی سی نے رواں مالی سال کے دوران پنجاب میں ایس اے پی اسکیموں پر عملدرآمد کے لئے وزارت دفاع کی جانب سے 430 ملین روپے کی ٹی ایس جی کی تجویز کی بھی منظوری دی۔

کمیٹی نے جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر (جے ایم سی اینڈ آر سی) کمپنی کے آپریشنز کے لیے 25 کروڑ روپے بطور سرکاری ادا شدہ سرمایہ مختص کرنے کی بھی منظوری دی۔

اس رقم سے اسلام آباد میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل جدید ترین تعلیمی میڈیکل سینٹر کے قیام میں مدد ملے گی۔ تاہم ای سی سی نے جے ایم سی اینڈ آر سی کمپنی کو مزید فنڈ مختص کرنے سے قبل منظور شدہ 25 0 ملین روپے کے اخراجات اور سرگرمیوں کا تفصیلی بریک ڈاؤن فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

ای سی سی نے فنانس ڈویژن کی جانب سے 19 مارچ 2025 کو سپریم کورٹ آف پاکستان کی مخصوص ہدایات کی تعمیل کرتے ہوئے جے ای ای ڈی ٹیکسٹائل پرائیویٹ لمیٹڈ، سڈنی، آسٹریلیا کی مسز لیا بمبا کو 24.556 ملین روپے (280.1 روپے فی امریکی ڈالر کی شرح تبادلہ پر 87,671.21 ڈالر کے مساوی) کے ٹی ایس جی کی سمری کی منظوری دی۔

اجلاس میں وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ، چیئرمین ایس ای سی پی، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

Read Comments