ٹی ٹوئنٹی رینکنگ: حارث رؤف کی پوزیشن بہتر، شاہین تنزلی کا شکار

19 مارچ 2025

پاکستان کے فاسٹ بالر حارث رؤف نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں اپنی پوزیشن بہتر کی ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناقص کارکردگی کے باعث تنزلی کا شکار ہوگئے ہیں۔

حارث رؤف نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار درجے ترقی کرتے ہوئے 26 ویں پوزیشن حاصل کی ، اس میں میچ میں انہوں نے 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس کے برعکس شاہین آفریدی سیریز کے پہلے دو میچوں میں ناقص کارکردگی کے سبب 6 درجے تنزلی کے بعد 29 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

دریں اثنا نیوزی لینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز میں 2 صفر کی برتری حاصل کرلی ہے جس میں ان کی اوپننگ جوڑی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ٹم سیفرٹ اور فن ایلن غیر معمولی فارم میں ہیں اور انہوں نے بلیک کیپس کو یکطرفہ فتوحات دلائی ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سیفرٹ 20 درجے ترقی کے ساتھ 13 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ایلن 8 درجے ترقی کے ساتھ 18 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

بالنگ کے شعبے میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی نے سیریز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد ٹی 20 باؤلرز رینکنگ میں 23 درجے ترقی کرتے ہوئے 12 ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کے علاوہ رینکنگ میں دیگر تبدیلیوں میں نیدرلینڈز کے آریان دت بھی شامل ہیں جو دو درجے ترقی کے ساتھ 33 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ان کے ساتھی پال وان میکرن 6 درجے ترقی کے ساتھ ون ڈے بولر رینکنگ میں 61 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

اس کے علاوہ نمیبیا کے گیرہارڈ ایرسمس نے لیگ ٹو میچوں میں مسلسل کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ون ڈے آل راؤنڈر رینکنگ میں 10 ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

Read Comments