اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے منگل کو اس دعوے کی سختی سے تردید کی کہ اسٹیٹ بینک نئے نوٹ جاری نہیں کررہا ہے۔
اپنے بیان میں مرکزی بینک نے کہا کہ وہ عید الفطر کے موقع پر کمرشل بینکوں کو نئے بینک نوٹ جاری کرنے کا اپنا دیرینہ عمل جاری رکھے ہوئے ہے اور بینک نئے نوٹوں تک عوام کی رسائی کو آسان بنانے کے لیے ملک بھر میں اپنے وسیع برانچ نیٹ ورکس سے فائدہ اٹھاتا ہے۔
اسٹیٹ بینک نے اب تک کمرشل بینکوں کی 17 ہزار برانچوں کو 27 ارب روپے کے نئے بینک نوٹ جاری کیے ہیں تاکہ عوام میں تقسیم کیے جاسکیں۔
اسی طرح اس بات کو یقینی بنانے کے لئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں کہ بینکوں کا اے ٹی ایم نیٹ ورک تہواروں کے موسم کے دوران عوام کو بلا تعطل اچھے معیار کے بینک نوٹ جاری کرے۔
اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ نئے بینک نوٹوں کی موثر تقسیم اور تمام کمرشل بینک برانچوں میں ان کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مرکزی بینک نے اپنی کیش مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تعینات کی ہیں جو سائٹ پر معائنہ کریں گی اور عوام کو نئے بینک نوٹوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں گی۔