جولائی تا فروری، بیرونی سرمایہ کاری 41 فیصد اضافے کے ساتھ 1.6 ارب ڈالر رہی

18 مارچ 2025

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پاکستان میں خالص غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران 41 فیصد بڑھ کر 1.618 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

مالی سال 25 کے جولائی سے فروری کے دوران، ایف ڈی آئی کی آمد 2.2957 ارب ڈالر رہی، جبکہ 677.3 ملین ڈالر کا انخلا ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت (جولائی-فروری) کے دوران خالص ایف ڈی آئی 1.147 ارب ڈالر تھی۔

فروری کے مہینے میں خالص ایف ڈی آئی 94.7 ملین ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 172 ملین ڈالر کے مقابلے میں 45 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔

ماہانہ بنیادوں پر ایف ڈی آئی میں 51 فیصد سے زائد کمی دیکھنے میں آئی، جو جنوری میں 194.4 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔

مالی سال 2025 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران، پاکستان میں مجموعی چینی سرمایہ کاری میں تقریباً 285 فیصد اضافہ ہوا۔ چین سب سے بڑا سرمایہ کار ملک رہا، جو کل ایف ڈی آئی کا 41 فیصد فراہم کر رہا ہے، جس کی مجموعی مالیت 661.8 ملین ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 171.9 ملین ڈالر تھی۔

برطانیہ 167 ملین ڈالر کی خالص ایف ڈی آئی کے ساتھ دوسرا بڑا سرمایہ کار ملک بن کر ابھرا، جو گزشتہ سال کے 159.4 ملین ڈالر کے مقابلے میں 5 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے، اور کل سرمایہ کاری کا 10 فیصد حصہ رکھتا ہے۔

مالی سال 25 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران، بجلی کے شعبے نے سب سے زیادہ سرمایہ کاری کو اپنی طرف متوجہ کیا، جو کل سرمایہ کاری کا 36 فیصد (578.2 ملین ڈالر) رہا، اس کے بعد کا نمبر مالیاتی کاروبار کے شعبے (466.4 ملین ڈالر) کا رہا جبکہ تیل و گیس کی تلاش کے شعبے (196.6 ملین ڈالر) کا نمبر تیسرا رہا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت ہے۔

ادھر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ فروری 2025 میں 12 ملین ڈالر کے خسارے میں رہا، جبکہ گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 71 ملین ڈالر کا سرپلس ریکارڈ کیا گیا تھا، ۔

ماہانہ بنیادوں پر کرنٹ اکائونٹ نے جنوری 2025 کے 399 ملین ڈالر (نظرثانی شدہ) کے خسارے کے مقابلے میں بہتری ظاہر کی ہے۔

Read Comments