قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کا وقت تبدیل کردیا گیا

17 مارچ 2025

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کا وقت منگل کی صبح 11 بجے کردیا گیا ہے۔

قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم شہباز شریف کے مشورے پر منگل کو ڈیڑھ بجے اجلاس طلب کیا تھا۔

تاہم نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کی وجہ سے وقت میں تبدیلی کی گئی ہے۔

دریں اثناء قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی ان کیمرہ سیشن منعقد کرے گی اور شرکاء کو سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔

فوجی قیادت پارلیمانی کمیٹی کو سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کرے گی۔

پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس قومی اسمبلی کے ہال میں ہوگا۔ کابینہ ارکان کے علاوہ پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے پارلیمانی رہنما اور ان کے نامزد نمائندے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یہ اجلاس اس وقت ہورہا ہے جب دہشت گردوں نے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا دیا اور جعفر ایکسپریس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد کو یرغمال بنا لیا گیا۔

تاہم ایک آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک اور تمام یرغمالیوں کو بازیاب کرا لیا۔

Read Comments