عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی 16 مارچ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کے تخمینے کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور پریمیم میں کمی کے باعث 16 مارچ 2025 سے شروع ہونے والے آئندہ پندرہ روزہ دورانیے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14.16 روپے فی لٹر تک کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 14 روپے 16 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 70 پیسے فی لٹر کمی کا امکان ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بالترتیب 10 روپے 33 پیسے اور 7 روپے 12 پیسے فی لٹر کمی کا امکان ہے۔
تاہم حتمی قیمت کا تعین آج (ہفتہ) عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
اگر حکومت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کے تخمینے اپناتی ہے تو پٹرول کی قیمت 255.63 روپے سے کم ہو کر 241.47 روپے فی لٹر ہو جائے گی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت 258.64 روپے سے گھٹ کر 249.94 روپے فی لٹر ہونے کا امکان ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت بھی 168 روپے 12 پیسے سے کم ہو کر 157 روپے 79 پیسے اور ایل ڈی او کی قیمت 153 روپے 34 پیسے سے کم ہو کر 146 روپے 22 پیسے فی لٹر ہو جائے گی۔
یاد رہے کہ 28 فروری کو وفاقی حکومت نے 15 مارچ کو ختم ہونے والے اگلے پندرہ دنوں کے لیے پٹرول کی قیمت میں 50 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5.31 روپے کی کمی کی تھی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025