جنوبی وزیرستان میں دھماکے سے جے یو آئی (ف) کے رہنما سمیت 3 افراد زخمی

اپ ڈیٹ 14 مارچ 2025

جنوبی وزیرستان میں جمعے کے روز ایک مسجد میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اور بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔ یہ بات پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتائی گئی ہے۔

جنوبی وزیرستان کے ضلعی پولیس سربراہ آصف بہادر نے بتایا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مقامی رہنما عبداللہ ندیم کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دھماکے میں کونسا گروہ ملوث ہے۔

حالیہ مہینوں میں افغانستان کے ساتھ پاکستان کے سرحدی علاقوں میں حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ ماہ شمال مغربی پاکستان میں ایک اسلامی مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران ایک خودکش بمبار نے دھماکہ کرکے 6 نمازیوں کو شہید کردیا تھا، مدارس کو طالبان کیلئے تربیتی مراکز سمجھاجاتا ہے۔

رواں ہفتے جنوب مغربی بلوچستان میں دہشت گردوں نے ایک ٹرین کو ہائی جیک کیا اور مسافروں کو یرغمال بنانے کے بعد دن بھر فورسز کے ساتھ لڑائی لڑتے رہے۔

پاکستان نے بڑھتی ہوئی عسکریت پسندی کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ عسکریت پسندوں کو پڑوسی ملک افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں مل رہی ہیں، تاہم حکمراں افغان طالبان اس الزام کی تردید کرتے ہیں۔

Read Comments