آئی سی سی نے پاکستان میں ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کے شیڈول کا اعلان کردیا

آئی سی سی نے پاکستان میں ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کے شیڈول کا اعلان کردیا
14 مارچ 2025

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعے کے روز ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر 2025 کے میچز کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے جو 9 سے 19 اپریل تک پاکستان میں کھیلا جائے گا۔

کوالیفائر میچ قذافی اسٹیڈیم اور لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایل سی سی اے) گراؤنڈز پر کھیلے جائیں گے۔

کوالیفائر کے چھٹے ایڈیشن میں بنگلہ دیش، آئرلینڈ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں 15 میچوں پر مشتمل لیگ ٹورنامنٹ میں ایسوسی ایٹ رکن اسکاٹ لینڈ اور تھائی لینڈ کے ساتھ مدمقابل ہوں گی جو اس سال کے آخر میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے دو کوالیفائرز کا فیصلہ کریں گی۔

میزبان بھارت کے علاوہ آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا پہلے ہی 10 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ (2022-25) کے ٹاپ 6 میں جگہ بنا کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔

بنگلہ دیش، آئرلینڈ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کوالیفائر میں کھیلتے ہیں کیونکہ وہ ویمنز چیمپیئن شپ میں ساتویں سے دسویں نمبر پر رہے جبکہ تھائی لینڈ اور اسکاٹ لینڈ نے 28 اکتوبر 2024 کو آئی سی سی ویمنز ون ڈے ٹیم رینکنگ میں اگلی دو بہترین ٹیموں کے طور پر جگہ بنائی۔

ٹورنامنٹ کے کچھ دلچسپ میچوں میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 14 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں ڈے نائٹ میچ، بنگلہ دیش کا مقابلہ 17 اپریل کو ایل سی سی اے میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اور 19 اپریل کو ایل سی سی اے میں برصغیر کے حریف پاکستان اور بنگلہ دیش کا مقابلہ شامل ہے۔

آئی سی سی کے سی ای او جیف ایلرڈائس نے کہا ہے کہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر 2025 کے میچ کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے ہمیں خوشی محسوس ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھ ٹیمیں ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ سے صرف ایک قدم دور ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ سب اس مقابلے کا بے صبری سے انتظار کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے میں اس سال کے آخر میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں ٹیموں کو لاہور میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔

ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کا شیڈول(ڈے میچ کا آغاز صبح 9:30 بجے، ڈے / نائٹ میچز مقامی وقت کے مطابق دوپہر 02:00 بجے شروع ہونگے)

  • 9 اپریل: پاکستان بمقابلہ آئرلینڈ (قذافی اسٹیڈیم، ڈے)۔ ویسٹ انڈیز بمقابلہ اسکاٹ لینڈ (ایل سی سی اے، ڈے)

  • 10 اپریل: تھائی لینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش (ایل سی سی اے، ڈے)

  • 11 اپریل: پاکستان بمقابلہ اسکاٹ لینڈ (ایل سی سی اے، ڈے)۔ آئرلینڈ بمقابلہ ویسٹ انڈیز (قذافی اسٹیڈیم، ڈے)

  • 13 اپریل: اسکاٹ لینڈ بمقابلہ تھائی لینڈ (ایل سی سی اے، ڈے)۔ بنگلہ دیش بمقابلہ آئرلینڈ (قذافی اسٹیڈیم، ڈے/ نائٹ)

  • 14 اپریل: پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز (قذافی اسٹیڈیم، ڈے/ نائٹ)

  • 15 اپریل: تھائی لینڈ بمقابلہ آئرلینڈ (ایل سی سی اے، ڈے)؛ سکاٹ لینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش (قذافی اسٹیڈیم، ڈے/ نائٹ)

  • 17 اپریل: بنگلہ دیش بمقابلہ ویسٹ انڈیز (ایل سی سی اے، ڈے)۔ پاکستان بمقابلہ تھائی لینڈ (قذافی اسٹیڈیم، ڈے/ نائٹ)

  • 18 اپریل: آئرلینڈ بمقابلہ اسکاٹ لینڈ (قذافی اسٹیڈیم، ڈے/ نائٹ)

  • 19 اپریل: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش (ایل سی سی اے، ڈے)۔ ویسٹ انڈیز بمقابلہ تھائی لینڈ (قذافی اسٹیڈیم، ڈے/ نائٹ)

Read Comments