پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی پہلی بار مختلف شہروں میں کرانے کا فیصلہ

ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کی ٹرافی لومینارا کی رونمائی پہلی بار ملک کے مختلف شہروں میں کرائی جائے گی ۔ واضح رہے کہ...
14 مارچ 2025

ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کی ٹرافی لومینارا کی رونمائی پہلی بار ملک کے مختلف شہروں میں کرائی جائے گی ۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کی ٹرافی کا نام لومینارا رکھا گیا ہے ۔ یہ ٹرافی پہلی بار ٹورنامنٹ سے قبل رونمائی کیلئے ملک کے مختلف شہروں میں جائے گی ۔

جمعہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار ٹرافی ٹور آج (14 مارچ) سے حیدرآباد اور کراچی سے شروع ہوگا۔ یہ ٹرافی ملک بھر کے 11 شہروں کا سفر کرے گی جب کہ اس کا ٹور 29 مارچ کو مکمل ہوگا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹرافی ٹور پاکستان کی بھرپور ثقافت، متنوع کمیونٹیز اور سب سے بڑھ کر کرکٹ سے گہری وابستگی کا جشن ہے۔

یہ ٹرافی ٹور ایچ بی ایل پی ایس ایل کی رسائی ملک بھر میں بڑھانے کے ہمارے عزم کا حصہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹرافی ٹور شائقین کے لیے ہمارا خراج تحسین ہے جو گزشتہ دہائی سے ایچ بی ایل پی ایس ایل کی جان اور پہچان ہیں۔ ان کی مستقل حمایت کھلاڑیوں کے جذبے کو تقویت دیتی ہے اور اس لیگ کو دنیا کی بہترین لیگز میں شامل کرتی ہے۔

ٹرافی 15 مارچ تک حیدرآباد اور کراچی کے مختلف مقامات پر نمائش کے لیے رکھی جائے گی۔

اس کے بعد ٹرافی کو لاہور، ملتان، بہاولپور، فیصل آباد، پشاور اور اسلام آباد لے جایا جائے گا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے کی تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 10 واں ایڈیشن 11 اپریل سے 18 مئی تک کھیلا جائے گا جس کے میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں شیڈول ہیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل ایکس لومینارا ٹرافی کے پہلے مرحلے کا دورہ شیڈول:

14 مارچ - حیدرآباد

14-15 مارچ - کراچی

16-17 مارچ - لاہور

18 مارچ - ملتان

19 مارچ - بہاولپور

20 مارچ - فیصل آباد

22 مارچ - پشاور

23 مارچ - اسلام آباد

Read Comments