ہیلیون پاکستان نے کینیا کو پہلی سینٹرم شپمنٹ برآمد کر دی

13 مارچ 2025

پاکستان کے فارماسیوٹیکل سیکٹرمیں ایک اہم پیش رفت کے طور پر، ہیلیون پاکستان لمیٹڈ، جو پہلے گلیکسو اسمتھ کلائن کنزیومر ہیلتھ کیئر پاکستان لمیٹڈ کے نام سے جانی جاتی تھی، نے اپنی جامشورو میں واقع مینوفیکچرنگ سہولت سے معروف ملٹی وٹامن برانڈ سینٹرم کو کامیابی کے ساتھ کینیا برآمد کر دیا ہے۔

فارماسیوٹیکل کمپنی نے بدھ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہیلیون پاکستان لمیٹڈ نے جامشورو میں ہمارے کارخانے میں تیار کردہ سینٹرم کی پہلی کھیپ کامیابی کے ساتھ کینیا بھیج دی ہے۔

نوٹس میں مزید کہا گیا کہ یہ اہم سنگ میل ایک دلچسپ سفر کا آغاز ہے، جس سے سال 2025 میں ہمارے برآمدی آپریشنز میں مزید اضافہ ہوگا۔ یہ کامیاب شپمنٹ پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ترقی کے مواقع کے نئے دروازے کھولے گی۔

مزید برآں لسٹڈ کمپنی نے متعلقہ حکام اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے کردار کو سراہا جنہوں نے اس کامیابی کو آسان بنانے میں تعاون کیا۔

ہیلون پاکستان کو 31 مارچ 2015 کو منسوخ شدہ کمپنیز آرڈیننس، 1984 (اب کمپنیز ایکٹ، 2017) کی دفعات کے تحت ایک پبلک لسٹڈ کمپنی کے طور پر پاکستان میں شامل کیا گیا تھا۔

یہ کمپنی ہیلیون نیدرلینڈز بی وی کا ماتحت ادارہ ہے۔ کمپنی کے حتمی پیرنٹ ہیلیون پی ایل سی ہیں۔ یہ بنیادی طور پر صارفین کی صحت کی دیکھ بھال اور اوور دی کاؤنٹر صحت کی مینوفیکچرنگ ، مارکیٹنگ اور فروخت میں مصروف ہے۔

پاکستان کے فارماسیوٹیکل سیکٹر نے حال ہی میں عالمی فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر انڈسٹریز میں اپنی موجودگی بڑھانے میں تیزی سے پیش رفت کی ہے۔

گزشتہ ماہ سٹی فارما لمیٹڈ (سی پی ایچ ایل) نے مینا ریجن کو 560,000 یورو مالیت کی اپنی پہلی برآمد مکمل کی تھی۔

فارماسیوٹیکل نے اسٹاک ایکسچینج کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت کو شیئر کیا، یہ برآمدی آرڈر ایف ڈی اے کی منظوری کی بنیاد پر موصول ہوا تھا جو سٹی فارما نے حاصل کیا ہے (20 ستمبر 2024 کو اعلان کیا گیا تھا)۔

Read Comments