گوگل والیٹ اب پاکستان میں بھی دستیاب

ڈیجیٹل ادائیگی کے شعبے میں اہم پیشرفت ، گوگل والٹ پاکستان میں متعارف کر دیا گیا، صارفین اب موبائل ڈیوائسز کے ذریعے...
12 مارچ 2025

ڈیجیٹل ادائیگی کے شعبے میں اہم پیشرفت ، گوگل والیٹ پاکستان میں متعارف کر دیا گیا، صارفین اب موبائل ڈیوائسز کے ذریعے آن لائن، اِن ایپ اور کانٹیکٹ لیس ادائیگیاں کرسکیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایپ صارفین کو محفوظ، آسان اور موثر ادائیگی کا تجربہ فراہم کرتی ہے اور ڈیجیٹل آئٹمز جیسے کہ لائلٹی کارڈز اور بورڈنگ پاسز کی بھی حمایت کرتی ہے۔

گوگل والیٹ ایک ڈیجیٹل والیٹ ایپ ہے جو گوگل نے تیار کی ہے یہ صارفین کو اپنے اسمارٹ فونز پر ادائیگی کارڈز، لائلٹی کارڈز، ٹرانزٹ پاسز اور دیگر ڈیجیٹل آئٹمز کو محفوظ طریقے سے ذخیرہ اور منظم کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ یہ این ایف سی (نیئر فیلڈ کمیونیکیشن) ٹیکنالوجی کے ذریعے کانٹیکٹ لیس ادائیگیوں کو بھی ممکن بناتی ہے۔

گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا منظرنامہ تیزی سے ترقی کررہا ہے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کے ڈیجیٹل لین دین کو اپنانے کے ساتھ، گوگل والٹ ادائیگیوں، خریداری اور سفر کرنے کا ایک محفوظ، ہموار اور موثر طریقہ فراہم کرتا ہے۔

اس سے پاکستانیوں کو اسٹورز میں ٹیپ اینڈ پے کرنے، بلا تعطل آن لائن چیک آؤٹ کرنے اور سفر کے دوران اپنے بورڈنگ پاسز تک آسانی سے رسائی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ لانچ پاکستان میں مالی شمولیت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا اور سب کے لیے اقتصادی مواقع پیدا کرے گا۔

گوگل کے مطابق بینک الفلاح، بینک آف پنجاب، فیصل بینک نور، ایچ بی ایل، جاز کیش، میزان بینک اور یو بی ایل کے کارڈ ہولڈرز اپنے کارڈز کو گوگل والیٹ میں شامل کرکے اینڈرائیڈ فون یا ویئر او ایس ڈیوائسز کے ذریعے وہاں ادائیگی کر سکیں گے جہاں کانٹیکٹ لیس پیمنٹس قبول کی جاتی ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان کا ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام نمایاں طور پر ترقی کررہا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے سہ ماہی ادائیگیوں کے نظام کے جائزے (پی ایس آر) برائے پہلی سہ ماہی مالی سال 2025 کے مطابق، ڈیجیٹل ذرائع اب حجم کے لحاظ سے 87 فیصد ریٹیل ادائیگیوں پر مشتمل ہیں، جو صارفین کے رویے میں نمایاں تبدیلی اور ڈیجیٹل لین دین پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

جولائی تا ستمبر 2024 کے عرصے پر مشتمل اس رپورٹ میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور نقد رقم و کاغذی ذرائع سے بتدریج دوری کے رجحان میں مضبوط اضافہ کا ذکر کیا گیا ہے۔

Read Comments