سمیٹری گروپ نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی ) پر مبنی حل فراہم کرنے والی نئی ذیلی کمپنی کے لیے ابتدائی عوامی پیشکش لانے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی 1.5 سے 2 ارب روپے جمع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور یہ عمل تقریباً 6 ماہ میں مکمل ہوگا۔
پاکستان کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کمپنی سمیٹری گروپ ایک نئی ذیلی کمپنی کیلئے ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے جو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پر مبنی حل پر مرکوز ہوگی۔
لسٹڈ کمپنی نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ سمیٹری گروپ لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایک نئی ذیلی کمپنی کیلئے آئی پی او کے عمل کے آغاز کی منظوری دے دی ہے جو اے آئی پر مبنی حل اور پلیٹ فارمز بشمول Influsense.ai اور Vidfy.ai پر مرکوز ہوگی۔
کمپنی نے بتایا کہ وہ آئی پی او کے ذریعے تقریباً 1.5 سے 2 ارب روپے جمع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
بورڈ نے کے ٹریڈ سیکیورٹیز لمیٹڈ کو آئی پی او ایڈوائزر مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے تاکہ یہ عمل بورڈ کی منظوری کی تاریخ سے 6 ماہ کی مدت میں مکمل کیا جاسکے۔
یہ ہماری ترقیاتی حکمت عملی میں ایک اہم سنگ میل ہے کیونکہ ہم ان اے آئی پر مبنی پلیٹ فارمز کو وسعت دینے اور نئے مارکیٹوں میں پھیلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
سمیٹری ایک ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ایکسپیریئنس کمپنی ہے جو ڈیجیٹل پروڈکٹس اور سروسز میں مہارت رکھتی ہے۔ کمپنی کا بنیادی فوکس مارکیٹنگ، سیلز، اور دیگر صارف مرکوز شعبوں کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور ڈیجیٹائزیشن پر ہے۔ یہ کمپنی ڈیجیٹل کنسلٹنسی، ڈیجیٹل اسٹریٹجی، صارفین کے لیے انٹیلیکچوئل پراپرٹیز (آئی پیز) کی ڈیویلپمنٹ، ویب، موبائل اور ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشنز، ویب سائٹس، پورٹلز، یوزر انٹرفیس، اور آئی او ٹی ڈیوائسز جیسی خدمات فراہم کرتی ہے۔
گزشتہ سال ستمبر میں کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ متحدہ عرب امارات میں اپنی ذیلی کمپنی قائم کرے گی۔
اس وقت اس نے کہا تھا کہ یہ ذیلی ادارہ اندرون ملک تیار کردہ انٹلیکچوئل پراپرٹیز (مصنوعات) کو عالمی سطح پر لانچ کرنے اور اسکیلنگ کی راہ ہموار کرے گا۔
کمپنی کا مؤقف تھا کہ یہ نیا ادارہ سمیٹری گروپ کی ساکھ میں اضافہ کرے گا اور جی سی سی (جی سی سی ) اور بین الاقوامی مارکیٹس میں مزید کاروباری مواقع تک رسائی فراہم کرے گا۔