یوبی ایل میں سلک بینک کا انضمام مکمل ، اسٹیٹ بینک نے منظوری دیدی

11 مارچ 2025

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے سلک بینک لمیٹڈ (سلک) کو یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) میں ضم کرنے کی منظوری دے دی۔

ملک کے سب سے بڑے کمرشل بینکوں میں سے ایک یو بی ایل اور سلک نے منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے متعلقہ نوٹسز میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

نوٹس کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 مارچ 2025 کے اپنے منظوری حکم کے تحت بینکنگ کمپنیز آرڈیننس 1962 کے سیکشن 48 کے تحت سلک بینک لمیٹڈ کے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ میں انضمام کی منظوری دے دی ہے۔ یہ انضمام اس تاریخ سے مؤثر ہوگا جو یوبی ایل اور سلک بینک کی مشترکہ اطلاع اور اسٹیٹ بینک کی منظوری سے طے کی جائے گی۔

یو بی ایل اور سلک کے مشترکہ نوٹیفکیشن کی بنیاد پر اسٹیٹ بینک نے 11 مارچ 2025 کو انضمام کی موثر تاریخ مقرر کی ہے۔

نوٹس میں مزید کہا گیا کہ چنانچہ مؤثر تاریخ (یعنی منگل، 11 مارچ 2025 کے کاروباری آغاز) سے سلک بینک باضابطہ طور پر یوبی ایل میں ضم ہو چکا ہے۔

نوٹس کے مطابق انضمام کے منصوبے کے تحت یوبی ایل کے نئے عام حصص سلک بینک کے ان حصص یافتگان کو جاری کیے جائیں گے جو سلک بینک کی حتمی بک کلوزر تاریخ (یعنی 20 مارچ 2025) تک رجسٹرڈ ہوں گے۔ یہ تبادلہ طے شدہ تناسب کے مطابق ہوگا، یعنی سلک بینک کے ہر 325 عام حصص (جس کی فی حصص قیمت 10 روپے ہے) کے بدلے یوبی ایل کا 1 نیا عام حصہ (جس کی فی حصص قیمت 10 روپے ہے) جاری کیا جائے گا۔ یہ عمل قانونی اور طریقہ کار کی تمام ضروریات کو پورا کرنے سے مشروط ہوگا۔

گزشتہ سال دسمبر میں یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) نے سلک بینک لمیٹڈ (سلک) کے یو بی ایل میں انضمام کی منظوری دی تھی۔

جاری کردہ نوٹس کے مطابق تبادلہ تناسب کی بنیاد پر، جس کے تحت یو بی ایل کا ایک نیا عام حصہ (جس کی قیمت 10 روپے ہے) سلک کے پہلے سے جاری کردہ 325 عام حصص (ہر ایک کی قیمت 10 روپے) کے بدلے دیا جائے گا، یو بی ایل کے 27,944,188 عام حصص جاری کیے جائیں گے، جو رائٹ ایشو کے علاوہ ہوں گے۔“

نومبر میں یو بی ایل نے سلک بینک لمیٹڈ کو انضمام کی پیشکش کی تھی جس کا مقصد سلک بینک کو یو بی ایل میں ضم کرنا تھا۔

بعد ازاں سلک بینک لمیٹڈ کے بی او ڈی نے یو بی ایل کے ساتھ انضمام کی اصولی منظوری دے دی۔

Read Comments