سینیٹر افنان اللہ خان سینیٹ کمیٹی برائے نجکاری کے چیئرمین منتخب

10 مارچ 2025

سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان پیر کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔

یہ عہدہ سینیٹر طلال چوہدری کے استعفے کے بعد خالی ہوا تھا، جنہیں حال ہی میں وزیر مملکت برائے داخلہ مقرر کیا گیا ہے۔

کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز اشرف علی جتوئی، بلال احمد خان، ندیم احمد بھٹو، فیصل سلیم رحمان، محسن عزیز اور خالدہ عتیب نے شرکت کی۔

سماعت کے دوران سینیٹر ندیم احمد بھٹو نے چیئرمین شپ کے لیے سینیٹر افنان اللہ خان کا نام تجویز کیا جس کی سینیٹر فیصل سلیم رحمان نے حمایت کی۔ نامزدگی کو موجود اراکین نے متفقہ طور پر منظور کیا۔

اپنے انتخاب کے بعد سینیٹر افنان نے اپنی قیادت پر اعتماد اور حمایت پر کمیٹی کے ارکان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے نجکاری کے معاملات کی نگرانی میں کمیٹی کے کردار کی اہمیت کا اعادہ کیا اور اس عمل میں شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس کے اختتام پر کمیٹی کے ارکان نے نومنتخب چیئرمین کو مبارکباد دی اور کمیٹی کے مینڈیٹ کو موثر انداز میں نبھانے میں تعاون کا یقین دلایا۔

Read Comments