پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں پیر کو اتار چڑھاؤ کا رجحان رہا، بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں دن کا اختتام معمولی کمی کے ساتھ ہوا جبکہ سرمایہ کاروں کو مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے فیصلے کا انتظار ہے۔
مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مایوس کن انداز میں ہوا، بعدازاں کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئی ، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 115048.41 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بھی دیکھا گیا۔
تاہم آخری سیشن میں منافع خوری نے تمام تیزی کو مندی میں تبدیل کردیا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 42.35 پوائنٹس یا 0.04 فیصد کی کمی سے 114,356.34 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اہم شعبوں میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا، آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ اور کمرشل بینکوں میں مثبت رجحان دیکھا گیا، جبکہ تیل اور گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز، بجلی کی پیداوار اور ریفائنریوں سمیت توانائی شعبے میں منفی رجحان رہا۔
حبکو، ایم اے آر آئی، او جی ڈی سی، پی ایس او اور ایس ایس جی سی سمیت انڈیکس ہیوی اسٹاک میں مندی کا رجحان رہا۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کا اجلاس آج ہوگا جس میں پالیسی ریٹ کا فیصلہ کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا ہے کہ چین نے گزشتہ ہفتے پاکستان کو 2 ارب ڈالر کا قرض دیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ہفتہ وار 1,147 پوائنٹس یا 1 فیصد اضافے سے 114,399 پوائنٹس پر بند ہوا جو گزشتہ ہفتے 113,250 پوائنٹس تھا۔
بین الاقوامی سطح پر وال اسٹریٹ فیوچرز ڈوب گئے اور محفوظ پناہ گاہ ین اور سوئس فرانک پیر کی صبح مضبوط ہوئے کیونکہ چین میں افراط زر کے دباؤ میں اضافے نے امریکی معیشت اور بڑھتی ہوئی عالمی تجارتی جنگ سے ترقی کے خدشات میں اضافہ کیا۔
یو ایس ایس اینڈ پی 500 اسٹاک فیوچرز میں 0.5 فیصد کی کمی اور نیسڈیک فیوچرز میں 0.6 فیصد کی کمی آئی۔
ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 0.1 فیصد کی کمی واقع ہوئی جبکہ مین لینڈ چائنیز بلیو چپس کا انڈیکس بھی کم ہوا۔
تائیوان کا ایکویٹی بینچ مارک 0.4 فیصد گرگیا حالانکہ جاپان کا نکی 0.2 فیصد زیادہ تھا۔
اتوار کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ چین کا کنزیومر پرائس انڈیکس فروری میں 13 ماہ میں تیز ترین رفتار سے گرگیا جب کہ پروڈیوسر کی قیمتوں میں کمی لگاتار 30 ویں مہینے تک بڑھ گئی۔