دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
بھارتی ٹیم نے 252 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر ایک اوور قبل حاصل کیا۔
اس سے قبل ڈیرل مچل اور مائیکل بریسویل کی نصف سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے تھے۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، میچ سے قبل ہی بلیک کیپس کو بڑا جھٹکا لگا کیوں کہ اس کے اہم بالر میٹ ہینری کندھے کی انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئے۔
سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف جیت کے بعد بھارٹی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور اس کے چار اسپنرز نے 50 اوورز کے بڑے حصے تک مخالف ٹیم کو بیک فٹ پر رکھا۔
ورون چکرورتی اور کلدیپ یادو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں اور دونوں اسپنرز پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ میں کامیاب ثابت ہوئے۔
بھارت نے سیاسی کشیدگی کی وجہ سے میزبان پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کرنے کے بعد اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے ہیں اور بھارتی ٹیم ایونٹ میں ناقابل شکست رہی۔
مچل نے 63 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد بائیں ہاتھ کے بریسویل نے 40 گیندوں پر ناقابل شکست 53 رنز کی اننگز کھیل کر مجموعی اسکور میں اضافہ کیا۔
نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے محتاط آغاز کیا اور گزشتہ میچ کے ہیرو رچن رویندر نے بالنگ اٹیک کا سامنا کیا۔
لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیمی فائنل میں سنچری بنانے والے بائیں ہاتھ کے رویندر نے فاسٹ بولر محمد شامی کو چھکا اور دو چوکے لگائے۔
اسپنر چکرورتی نے سب سے پہلے ول ینگ کو 15 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا تاہم خراب فیلڈنگ کے سبب رنز تیزی سے بنتے رہے۔
تاہم اس کے بعد رویندر کو دو مواقع ملے کیوں کہ شامی اور شریاس ائر ان کے کیچز پکڑنے میں ناکام رہے۔
لیکن کلدیپ نے رویندر کو میچ میں اپنی پہلی گیند پر 37 رنز پر آؤٹ کیا۔
اس کے بعد کلدیپ نے 11 رنز بنانے والے کین ولیمسن کا کیچ اپنی گیند پر پکڑ کربھارتی تماشائیوں میں پھر سے خوشی کی لہر دوڑا دی۔
ولیمسن، جو پچھلی جیت میں سینچری کے بعد پرجوش تھے، نے 14 گیندوں کی مختصر مگر پراعتماد انداز کی اننگز کھیلی۔
مچل اور وکٹ کیپر بلے باز ٹام لیتھم نے ٹیم کو دوبارہ سے بہتر بنانے کی کوشش کی اور دونوں نے ٹیم کو 100 کے پار پہنچایا، لیکن جلد ہی رویندر جدیجا نے بھر پور حملہ کیا۔
جدیجا نے بائیں ہاتھ کے لیتھم کو 14 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر کے نیوزی لینڈ کو 108 کے اسکور پر چوتھا جھٹکا پہنچایا۔
میچل، جن کا کیچ بھارتی کپتان روہت شرما نے 38 پر ڈراپ کیا تھا، نے اعتماد بحال رکھا اور گلیین فلپس کے ساتھ، جنہوں نے 34 رنز بنائے، 57 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
فلپس کو چکرورتی نے تیز گوگلی پر بولڈ کیا۔
مچل نے بریسویل کے ساتھ ایک اور شراکت داری بنائی جس کے بعد وہ شامی کی گیند پر ایکسٹرا کور پر کیچ ہو کر پویلین واپس چلے گئے۔
بریسویل نے تین چوکے اور دو چھکے مار کر شاندار اختتام کیا۔
بھارت کو چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں ایک ریکارڈ تیسری بار فتح حاصل کرنے کے لیے 252 رنز درکار تھے، بھارتی ٹیم 2002 اور 2013 کی ٹرافیوں میں کامیابی حاصل کر چکی ہے۔
آسٹریلیا نے 2006 اور 2009 میں بھی دو چیمپیئنز ٹرافی جیتی ہیں۔