وزیراعلیٰ پنجاب کا عالمی دن کے موقع پر خواتین کو خراج تحسین

اپ ڈیٹ 09 مارچ 2025

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج میں ہر بیٹی، بہن اور ماں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عورت صرف ایک فرد نہیں بلکہ ایک نسل کی معمار ہوتی ہے، اسلام میں پہلی بار خواتین کو بے مثال عزت، احترام اور حقوق دیے گئے ہیں۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بیٹی کی عزت و تکریم کی لازوال مثال قائم کی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم، روزگار اور ترقی کے مساوی مواقع خواتین کے لئے ناگزیر ہیں۔ خاتون وزیراعلیٰ بن کر میں ہر بہن اور بیٹی کی کامیابی کے بارے میں سوچتی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم یافتہ اور بااختیار خواتین ہمارے روشن اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں۔ پنجاب کے متعدد ڈویژنز اور اضلاع میں خواتین افسران کی تعیناتی خواتین کو بااختیار بنانے کا واضح ثبوت ہے۔ خواتین سخت محنت اور لگن کے ساتھ پولیس اور دیگر محکموں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ مجھے اپنی بیٹیوں کو آگے بڑھتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچے میری ریڈ لائن ہیں، یہ میرا ویژن ہے۔ خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک یا ناانصافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ خواتین کے قانونی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پنجاب میں ورچوئل پولیس اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔ ویمن ہیلپ لائن اور پینک بٹن پروجیکٹ کے ذریعے خواتین کے تحفظ کو مزید یقینی بنایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیف سٹی اتھارٹی میں کام کرنے والی خواتین کے لئے ہاسٹل تعمیر کیا گیا ہے۔ مستقبل میں مزید تعمیرات کی جائینگی. خواتین کی سہولت کے لئے ای بائیک اسکیم شروع کی گئی ہے۔ مزید موٹر سائیکلیں دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہونہار اسکالرشپ پروگرام میں میرٹ کی بنیاد پر طالبات کو 60 فیصد اسکالرشپ دی گئی۔ اضلاع میں بھی کام کرنے والی خواتین کو محفوظ ماحول اور مساوی مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 16 ورکنگ ویمن ہاسٹل قائم کیے گئے ہیں۔ صوبے بھر میں کام کرنے والی خواتین کے لئے 307 ڈے کیئر سینٹرز سے تقریبا 9541 خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’پنجاب ’دھی رانی‘ پروگرام کے تحت غریب لڑکیوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ سرکاری یونیورسٹیوں میں 18 ویمن ڈیولپمنٹ سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ بے سہارا اقلیتی بہنوں کو اقلیتی کارڈ کے ذریعے سہ ماہی مالی امداد بھی دی جا رہی ہے۔ جنوبی پنجاب میں لائیو سٹاک پروگرام کے ذریعے دیہی خواتین کو معاشی خود مختاری کی جانب گامزن کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایزی بزنس فنانس اور ایزی بزنس کارڈ پروگرام کے ذریعے خواتین انٹرپرینیورز کی بھی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ خواتین کو ’اپنی چھت اپنا گھر‘ اسکیم کے تحت اپنے گھروں کی تعمیر کے لئے آسان اقساط پر بلا سود قرض دیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں وہ وقت نہیں بھول سکتی جب میں نے اس اسکیم کے تحت ایک خاتون کا گھر بنتے دیکھا تو میری آنکھیں خوشی سے بھر گئیں۔ ہم نے پنک گیم کا انعقاد کرکے لڑکیوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کیے۔ ہم لیپ ٹاپ اسکیم کے ذریعے طالبات کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کر رہے ہیں۔ ہم پنجاب کی ہر خاتون کو عزت، تحفظ اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم ایک ایسا پنجاب بنا رہے ہیں جہاں خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کے تعصب یا بدنیتی کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ہر قدم پر پنجاب کی خواتین کے ساتھ کھڑی ہوں، میں ان کی محافظ اور ان کی طاقت ہوں۔ میری بیٹیاں، میری بہنیں! آپ کا تحفظ، عزت اور خوشحالی میری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Read Comments