قومی بچت اسکیمز پر شرح منافع میں کمی

اپ ڈیٹ 26 فروری 2025

سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نے اپنی متعدد قومی بچت اسکیموں (این ایس ایس) پر شرح منافع میں 33 بیسز پوائنٹس (بی پی ایس) تک کی کمی کردی ہے۔

بروکریج ہاؤس عارف حبیب لمیٹڈ کی رپورٹ کے مطابق بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس کی شرح 10 بیسز پوائنٹس کم ہوکر 13.68 فیصد سے 13.58 فیصد ہوگئی ۔

یہ تبدیلیاں 25 فروری 2025 سے نافذ العمل ہوں گی۔

ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ (ڈی ایس سی) پر منافع کی شرح ایک بیسز پوائنٹ کی کمی سے 12.15 فیصد سے کم ہو کر 12.14 فیصد ہوگئی ہے۔

پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ (پی بی اے) کی شرح 10 بیسز پوائنٹس کم ہو کر 13.68فیصد سے 13.58فیصد ہو گئی۔

اسی طرح اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ میں 20 بی پی ایس کی کمی دیکھی گئی اور اب یہ 11 فیصد منافع فراہم کرے گا۔

شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس (ایس ٹی ایس سی) پر منافع 33 بی پی ایس پوائنٹس کی کمی کے بعد 11.14فیصد سے کم ہو کر 10.81 فیصد ہوگیا ہے۔ اسپیشل سیونگز اکاؤنٹ کی شرح بھی 20 بی پی ایس پوائنٹس کی کمی کے بعد 11 فیصد آگئی۔

سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ اور سروہ اسلامک ٹرم اکاؤنٹ کی شرح میں 16 بیسز پوائنٹس کمی کرکے 9.74 فیصد کردی گئی ہے۔

دریں اثنا شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ (ایس ایف ڈبلیو اے) کی شرح 10 بی پی ایس کم ہوکر 13.58 فیصد ہوگئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے کلیدی پالیسی ریٹ میں ایک فیصد کمی کی تھی جس کے بعد یہ 12 فیصد رہ گئی تھی۔

جون 2024 کے بعد سے شرح سود میں یہ لگاتار چھٹی کٹوتی تھی جب یہ 22 فیصد تھی۔

جنوری میں افراط زر میں مزید کمی کی توقع ہے اور اس کے بعد کے مہینوں میں اس میں اضافہ ہوگا۔ کمیٹی نے یہ بھی نوٹ کیا کہ بنیادی افراط زر میں کمی جاری ہے لیکن یہ اب بھی بلند سطح پر ہے۔

Read Comments