وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر ازبکستان پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف ازبک صدر شوکت میرزییوئیف کی دعوت پر ازبکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر تاشقند پہنچ گئے۔ یہ بات...
25 فروری 2025

وزیراعظم شہباز شریف ازبک صدر شوکت میرزا یوف کی دعوت پر ازبکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر تاشقند پہنچ گئے۔ یہ بات وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں بتائی گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا ازبکستان کے ہم منصب عبداللہ اریپوف، وزیر خارجہ بختیار سعیدوف، تاشقند کے میئر شوکت عمرزاکوف، پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علیشیر تختیف اور ازبکستان میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق سمیت سینئر سفارتی و سرکاری حکام نے تاشقند انٹرنیشنل ایئرپورٹ آمد پر پرتپاک استقبال کیا۔

ازبک مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے بھی پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران وزیراعظم ازبک صدر شوکت میرزییوئیف سے ملاقات کریں گے جس میں علاقائی رابطوں، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، سلامتی، علاقائی استحکام اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں رہنما عالمی اور علاقائی پیش رفت سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

پاکستان اور ازبکستان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر بھی دستخط کریں گے۔

دونوں ممالک کے درمیان کاروباری اور سرمایہ کاری تعاون کو فروغ دینے کے لیے تاشقند میں پاک ازبکستان بزنس فورم منعقد کیا جائے گا جس میں وزیراعظم شرکت کریں گے اور اہم اسٹیک ہولڈرز سے خطاب کریں گے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم تاشقند کے ٹیکنو پارک کا دورہ کریں گے اور تعمیراتی اور صنعتی شعبوں میں ازبکستان کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔

وہ تاشقند میں آزادی کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کریں گے، جہاں وہ ازبک عوام اور ان کی قوم کی ترقی کے لئے خیر سگالی کا اظہار کریں گے۔ انہیں ازبکستان کی 3 ہزار سال پرانی تاریخ کے بارے میں بھی بریفنگ دی جائے گی، جس کی نمائش اس مقام پر لکڑی کے پیچیدہ نقش و نگار کے ذریعے کی گئی ہے۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق یہ تقریب پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 10 منٹ پر براہ راست نشر کی جائے گی۔

اس دورے پر وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر سرمایہ کاری و نجکاری عبدالعلیم خان، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

توقع ہے کہ اس دورے سے پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

Read Comments